پنجاب:آٹے کے نئے نرخوں پر عمل نہ ہوسکا،10کلو کا تھیلا950میں فروخت

پنجاب:آٹے کے نئے نرخوں پر عمل نہ ہوسکا،10کلو کا تھیلا950میں فروخت

لاہور (عمران اکبر)حکومت نے دوروزقبل پنجاب بھر میں 10اور20 کلو آٹاتھیلے کے نئے الگ الگ ریٹ جاری کئے لیکن مارکیٹ میں کہیں بھی مقررہ نرخ پر آٹا دستیاب نہیں، حکومت نے نرخ کم کرانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ۔

لاہور میں محکمہ خوراک نے 10کلو تھیلے کا نرخ 900 مقرر کیا جو 930سے 950 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ مارکیٹ میں 20 کلو والے تھیلے کا نرخ 1840سے 1860 روپے ہے ۔کھلا سرخ آٹا 100 ، فائن آٹا 110 اورچکی آٹا 150 روپے کلو مل رہاہے ۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ودیگرحکام نئے ریٹ پر عمل کرانے کیلئے متحرک ہو گئے ۔بلال یاسین نے چھٹی کے روزلاہور میں مزنگ روڈ، شادمان مارکیٹ، وحدت روڈ، علامہ اقبال ٹائون، یتیم خانہ ملتان روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، مکہ کالونی، والٹن روڈ، آر اے بازار اور ملحقہ علاقوں کی مارکیٹس میں 3 گھنٹے تک آٹے کی قیمتوں کو چیک کیا۔نرخ آویزاں نہ کرنے اور مہنگاآٹابیچنے پر 2 معروف سپر سٹورز کو جرمانے اورمتعلقہ فوڈ کنٹرولر کو وارننگ جاری کی۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ تمام سٹورز اور آٹا ڈیلرز قیمتوں کو واضح آویزاں کریں ۔ تمام اضلاع میں فوڈ افسروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالے سٹورز اور ڈیلرز کو جرمانے کیے جارہے ہیں۔کسی بھی علاقے میں مہنگا آٹا ملنے پرسخت ایکشن لیا جائے گا۔

حکومتی ریٹ پر آٹا نہ ملنے کی شکایات پر سیکرٹری خوراک پنجاب معظم اقبال سپرا نے لا ہور ڈویژن کے فلور ملنگ سیکشن عملے کو ہٹا دیا ۔ عرصہ دراز سے تعینات افسروں کو دوسرے اضلاع میں تعینات کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ لاہور آفس سے 2 سپرنٹنڈنٹس کا تبادلہ وہاڑی اور لودھراں جبکہ لاہور ٹو کے افسروں کا تبادلہ چکوال اور ڈی جی خان کردیا گیا۔متحرک اور ایماندار افسروں کی فلور ملنگ سیکشن میں تقرری کی جائیگی ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق نئے ریٹ پر عملدرآمد میں دو تین روز لگ سکتے ہیں۔اسوقت پرانے نرخ والا آٹا موجود ہے نئی سپلائی پر نیا ریٹ لاگو ہو گا۔ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے میں20 کلو آٹے کی قیمت میں 400 روپے اضافہ ہوگیا،ہول سیل مارکیٹ میں مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2 ہزار ،فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2200 میں فروخت ہو رہا ہے ۔آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم سٹاک ہونے پرقیمتوں میں اضافہ جاری ہے ، ہفتہ قبل 20 کلو تھیلے کی قیمت 16 سوتھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں