پی ٹی آئی سیاسی نہیں دہشتگرد جماعت،بنوں مارچ میں فائرنگ کی:عطاتارڑ

پی ٹی آئی سیاسی نہیں دہشتگرد جماعت،بنوں مارچ میں فائرنگ کی:عطاتارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہاہے کہ بنوں واقعہ تحریک انصاف نے خود کیا۔ یہ لوگ ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔

 اپنے ہی لوگوں کو مروا کر اس کا الزام سکیورٹی فورسز پر لگاتے ہیں، یہ سیاسی نہیں دہشتگرد جماعت ہے ۔ وفاقی وزیر نے پریس کانفرنس کرتے کہا کچھ حقائق عوام کے سامنے رکھناچاہتاہوں ۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ انتشاراورتشدد کی سیاست کی ،ملک میں عدم استحکام اور انتشارپیداکرناہی پی ٹی آئی کامنشوراورمشن ہے ۔سوشل میڈیا پر کسی اور ملک کی تصاویر کو کہا جارہا ہے یہ بنوں میں ہوا، بنوں میں امن مارچ میں انکے لوگ بندوقیں لیکر شامل ہوئے ، انکے مسلح لوگوں نے بنوں واقعہ کی جگہ پر جاکر فائرنگ کی۔وفاقی وزیر نے کہا آپ تحریک طالبان پاکستان تحریک انصاف (ٹی ٹی پی ٹی آئی )ہیں، بنوں کینٹ پر حملے میں 8 جوان شہید ہوئے ، انکی کوشش تھی سویلینز کی ہلاکت کا الزام فوج پر لگوائیں۔ انکی کوشش رہی کہ اپنے لوگوں کو مروا کرالزام حکومت پر لگایاجائے ۔یہ لوگ شہدا کی قربانیوں کا بھی پاس نہیں رکھتے ۔بنوں واقعہ تحریک انصاف نے خود کیا ، آپکے لوگ ملوث ہیں،آپ خودہی کیسے انکوائری کراسکتے ہیں۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کوجیل میں جدیدسہولیات میسرہیں۔حکومت نے اذیت پہنچانے کاکوئی حکم نہیں دیا۔وفاقی وزیر نے کہا فرینکفرٹ جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کے واقعہ پر دفترخارجہ نے احتجاج ریکارڈکرایاہے ۔دفترخارجہ نے جرمن حکام سے کہاہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتارکیاجائے ۔

حکومت ملکی ترقی اوراستحکام کے لئے کام کررہی ہے ۔ جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے میں ویڈیوز کی مدد سے پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کی شناخت کی جارہی ہے ، ان کا شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کرکے سخت ترین کارروائی ہوگی، اس میں سیاسی عناصر ملوث ہوئے تو بانی پی ٹی آئی انہیں نہیں بچا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا دنیا بھر میں انٹرنیٹ متاثر ہے ، اس سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فائر وال کی تنصیب سے آزادی اظہار رائے کا کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ سائبر اور ڈیٹا سکیورٹی کا معاملہ ہے ۔ آرٹیکل 6 کے معاملے پر پیپلزپارٹی ہمارا ساتھ دے گی ۔ وزیر اطلاعات نے عمران خان کو سزائے موت کے قیدیوں والی کال کوٹھری میں رکھنے کی تردید کرتے کہا شریف خاندان کو اذیت ناک سیلز میں رکھا جاتا تھا، عمران خان کو اڈیالہ جیل میں صدارتی سوئٹس میں رکھا گیا ہے ، انہیں ورزش کی سائیکل، کچن، واکنگ گیلری، پرتعیش کھانے کی سہولیات میسر ہیں۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گوجرانوالہ میں پی ایف یو جے اجلاس سے ویڈیولنک خطاب میں کہا کہ جرنلسٹ انشورنس سکیم میں اس سال 30ہزار جرنلسٹ مستفید ہوں گے ۔ پی ایف یو جے اجلاس میں جو پولیس کارروائی ہوئی نہیں ہونی چاہیے تھی، واقعے کی انکوائری ہونی چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں