غیر تسلی بخش کارکردگی، 6بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل

غیر تسلی بخش کارکردگی، 6بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کر کے نئے بورڈز تشکیل دے دئیے ۔

پاور ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشنز بھی جاری کردئیے ۔ وفاقی حکومت  نے کلُ 11 میں سے 6 سرکاری بجلی تقسیم کارکمپنیوں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیسکو) کے نئے بورڈز تشکیل دے دئیے ہیں تاہم حکم امتناع کی وجہ سے فی الحال گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)، ٹرائیبل ایریاز ا لیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) بورڈز کی تحلیل روک دی گئی ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ڈسکو بورڈز کی تشکیل 3 سال کے لیے ہوگی، عمر فاروق خان کو فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا جبکہ ڈاکٹر طاہر مسعود اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بورڈ کے چیئرمین ہوں گے ۔ اس کے علاوہ عامر ضیا لاہور اور ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کے چیئرمین تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حمایت اللہ خان پشاور اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کے چیئرمین ہوں گے ۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے پر نئے بورڈز تشکیل دئیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں