تاجر وں کا آج تین گھنٹے شٹرڈاؤن کرکے احتجاج کا اعلان

تاجر وں کا آج تین گھنٹے شٹرڈاؤن کرکے احتجاج کا اعلان

لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف آج ٹوکن احتجاج کے طور پر تین گھنٹے کیلئے شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف غلہ منڈیوں میں مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال رہی جبکہ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے بھی کاروبار بند رکھا،مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کی جانب سے بھی اظہار یکجہتی کے لئے ہڑتال کی گئی تاہم آج سے کاروبار کھولنے کا اعلان کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی کی زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس میں آج ٹوکن ہڑتال کااعلان کیاگیا۔ان کاکہناتھاکہ موجودہ حالات میں تاجروں کے لئے بجلی کی قیمت کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے ،آج انار کلی کے تمام بازاروں کے تاجر ٹوکن احتجاج کے طور پر 2سے 5بجے تک اپنا کاروبار مکمل بند رکھ کر پر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ غلہ منڈیوں میں 3روزہڑتال کے بعد آج سے کاروبار کھولنے کا اعلا ن کیاگیاہے ۔ اکبر منڈی کے صدر اظہر اقبال اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے مسلسل تین روز پر امن ہڑتال کی لیکن حکومت کی طرف سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ۔ عوام کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج سے پنجاب سمیت ملک بھر کی غلہ منڈیوں میں کاروبار بحال ہو جائے گا ،ہم اپنے مطالبات سے ہرگز دستبردار نہیں ہوئے ،6اگست کو ملک بھر کی غلہ منڈیوں کی تاجر تنظیموں کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں