فیصل آباد: مبینہ پولیس مقابلہ ساتھیوں کی فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک
فیصل آباد(نمائندگان دنیا )تھانہ ٹھیکریوالا کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ،ساتھیوں کی فائرنگ سے ہی 3 ڈاکو ہلاک ،ہلاک ملزم متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلے ،دو فرار ڈاکوؤں کی تلاش جاری۔
بتایا گیا ہے کہ تھانہ ٹھیکریوالا کی چوکی سبزی منڈی کے انچارج مظفر کھوکھر نے گزشتہ رات دوران گشت ڈھینگا پھاٹک کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ افراد کو مشکوک جانتے ہوئے روکنے کی کوشش کی توموٹر سائیکلوں پر سوار ملزم پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے عباس پور کی جانب فرار ہوگئے ،پولیس کے تعاقب پر ملزم فائرنگ کرتے ہوئے 250 ر۔ب باردیکے عباس پور ریلوے اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں میں چھپ گئے اور پولیس پر فائرنگ کرتے رہے جبکہ پولیس نے حق حفاظت خود اختیاری پر ہوائی فائرنگ کی ، اطلاع ملتے ہی ایس پی اقبال ٹاؤن،ڈی ایس پی صدر،ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالا،ایلیٹ فورس،ڈولفن فورس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور پولیس سرچ آپریشن شروع کر دیا،مبینہ مقابلہ کے دوران 3 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جن کی شناخت احمد احتشام ولد ذوالفقار سکنہ 66 ج۔ب دھاندرہ،عبدالرحمن ولد عبد الستار سکنہ 66 ج۔ب سے ہوئی جبکہ تیسرے ہلاک ڈاکو کی شناخت نہ ہوسکی جبکہ 2 ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ ہلاک ملزموں کے قبضہ سے 3 پستول،موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمدہوگئی۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلے ہیں، فرار ملزموں کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔