پنجاب :اب کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا:مریم نواز
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ اب کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا،مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر کی جیلوں میں نادار قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ فراہم کر دی گئی۔
اب پنجاب میں کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔ نادار اسیران جو مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل کا انتظام نہیں کر سکتے ،انہیں فری لیگل ایڈ ملے گی۔ مستحق اسیران اپنے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دیں گے جنہیں وکلا سے ملوایا جائے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی تمام 43 جیلوں میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔ فری لیگل ایڈ کمیٹیاں پنجاب بار کونسل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے تشکیل دیں۔ پنجاب بھر میں کل 447 وکلا کو فری لیگل ایڈ کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور ڈویژن میں 45 وکلا، گوجرانوالہ ڈویژن 90، راولپنڈی 70 وکلا، فیصل آباد ڈویژن 47، ملتان میں 45، سرگودھا 24 وکلا،بہاولپور ڈویژن 55، ساہیوال 55 اور ڈی جی خان میں 16 وکلا کوفری لیگل ایڈ کمیٹی میں شامل کیا ہے ۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب طلبہ کو سہولیات کی فراہمی میں ہمیشہ کی طرح لیڈ کرے گا۔ ای بائیک پراجیکٹ بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلبہ کے لئے آسانیاں پیدا کرے گا۔ ذاتی سواری طلبہ کے روز مرہ زندگی میں پیسے اوروقت کی بچت یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی بچت اور سفر میں آسانی طلبہ کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ والدین کے سایہ سے محروم طلبہ کے لئے ای بائیک سکیم میں والدین کی گارنٹی کی شرط ختم کر دی۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت طلبہ کے لئے ای اور پٹرول بائیکس کی فراہمی کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ای بائیک پراجیکٹ میں قسط کم از کم مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔