مریم نواز کا دورہ میانوالی،ہسپتالوں کا معائنہ ،عوامی شکایات پر ڈی پی او کو ہٹا دیا

مریم نواز کا دورہ میانوالی،ہسپتالوں کا معائنہ ،عوامی شکایات پر ڈی پی او کو ہٹا دیا

میانوالی(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار)وزیراعلیٰ مریم نواز نے میانوالی کا دور ہ کرتے ہوئے پے درپے تین ہسپتالوں کا معائنہ کیا جبکہ امن و امان کی خرابی سے متعلق عوامی شکایات پر ڈی پی او کو ہٹا دیا۔

وزیر اعلیٰ بذریعہ جہاز ایم ایم عالم بیس میانوالی اتریں اور سب سے پہلے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گئیں، جہاں انہوں نے ٹراما سنٹر و ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا انہوں نے وارڈز سے پہلے ایم ایس آفس اور ایڈمن بلاک کی ری ویمپنگ پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اچھا صاف ستھرا ماحول سب سے پہلے مریضوں کا حق ہے ، انہوں نے کہا مریضوں کا بہترین علاج معالجہ میاں نواز شریف و شہباز شریف کا وژن ہے اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا محکمہ صحت پنجاب کو تمام تر طبی وسائل سے لیس کریں گے اور بھرپور بجٹ دیں گے تاکہ پنجاب میں کوئی بھی شخص ضروری علاج سے محروم نہ رہے ہم نے اپنے ہر دور میں صحت و تعلیم پہ خصوصی توجہ دی ہے ،انہوں نے ایم سی سے کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات کے بارے میں بھی دریافت کیا انہوں نے 2 ماہ قبل ہسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے لاوارث مریض کی ہلاکت کے بارے میں بھی دریافت کیا ٹراما سنٹر میں مریض سے ایکسرے کے پیسے لینے کی شکایت پر فوری رپورٹ طلب کر لی،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انڈر ٹریننگ ڈسپینسر کی طرف سے وظیفہ دینے کی درخواست پر غور کرنے کا وعدہ کیا ٹراما سنٹر میں پروسیجر روم، مائنر آپریشن تھیٹر، فی میل میڈیکل ایمرجنسی اور پیڈز وارڈ کا معائنہ بھی کیا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پیڈز ایمرجنسی میں کافی دیر سے علاج کے منتظر بچے کو لے کر خود پرچی بنوائی اور علاج شروع کرایا۔

، انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے فی میل میڈیسن وارڈ اور نرسری کا بھی دورہ کیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے معمر مریضہ کی گینگرین /ڈایا بیٹک فٹکا بیماری کا فوری علاج شروع کرنے کا حکم بھی دیا انہوں نے ہسپتال کے ویٹنگ روم میں منتظر تیمارداروں سے باری باری علاج کی سہولتوں کے بارے میں اور مریضوں سے مفت علاج، ادویات اور ٹیسٹ کے بارے میں بھی دریافت کیا اور یہ بھی پوچھا کہ زیادہ انتظار تو نہیں کرنا پڑتا، سب ٹھیک ہے ناں ! ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹراما سنٹر میں بھی مریضوں سے حالات پوچھے انہوں نے نرسری میں بچوں سے اظہارِ شفقت اور پیار کیا اور ہسپتال میں موجود طبی آلات کے معیار اور کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا ،وہ جنرل ہسپتال میانوالی بھی گئیں اور وہاں مختلف شعبے چیک کئے اور تمام تر مسائل کے حل اور ضروری مشینری ،سازوسامان کی فراہمی کا وعدہ کیا اور کہا کہ اس ہسپتال کو عوام کیلئے بہترین نمونہ بنایا جائے ،انہوں نے جنرل ہسپتال کے تمام وارڈز کو ترجیحی بنیادوں پر فنکشنل کرنے کا حکم دیابعد ازاں وہ ڈی سی آفس گئیں اور سابقہ اراکین ن لیگ و عہدیداران ن لیگ میانوالی سے ملاقات کی ،ڈی سی آفس میں میٹنگ کے دوران سابق ایم این اے انعام اللہ خان نے وزیر اعلیٰ سے ڈی پی او کے خلاف شکا یت کی اور کہا کہ ضلع میں امن و امان خراب ہوچکا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کرائم ریٹ بڑھنے اور کرپشن کی عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا اور سی سی پی آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی ،دریں اثنا وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت میانوالی کی تعمیر وترقی کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں میانوالی میں دل کے مریضوں کے لئے پہلی کیتھ لیب قائم کرنے کا اعلان کیا اورچھدرو میں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کا اصولی فیصلہ کیا،میانوالی کو سیلاب اور رودکوہی سے بچاؤ کے لئے پیشگی اقدامات کا حکم جاری کیا گیا ،انہوں نے صفائی کے نظام میں بہتری اور گرین بیلٹ کو بہتر کر نے کی ہدایت کی ،صفائی میں بہتری کے لئے درکار مشینری کی جلد از جلد فراہمی کا حکم جاری کیا، وزیر اعلیٰ نے ضلع بھر میں روٹی اور آٹا کے نرخ بھی دریافت کئے ، کلینک آن وہیل اور فیلڈ ہسپتالوں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہی حاصل کی،سٹریٹ لائٹس کو مکمل فنکشنل کرنے اور تجاوزات ہٹا کر گلیاں اور بازار وسیع کرنے کی ہدایت جاری کی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ عوام کو بجلی کے بلوں سے نجات دلانے کے لئے سولر پینل دینگے ،سابق حکومت غریبوں کی مفت ادویات بند کر گئی ، ہم 90 فیصد ادویا ت مفت دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب،کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آر پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں