مہنگائی میں معمولی کمی ،انڈا،دال چنا سمیت21اشیا مہنگی،9سستی
اسلام آباد (اے پی پی)ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.10 فیصد کی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 16.69 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 22 اگست کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں 9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ رواں ہفتہ میں ٹماٹر کی قیمت میں 21.96 فیصد، آٹا 2.77 فیصد، کیلا 2.08 فیصد، پیاز 1.70 فیصد، چینی 1.43 فیصد، چکن 1.25 فیصد، دال مسور 1 فیصد اور روٹی کی قیمت میں 0.61 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس انڈے کی قیمت میں 6.10 فیصد، دال چنا 6.05 فیصد، آلو 2.41 فیصد، پکی دال 0.89 فیصد، پکی بیف 0.74 فیصد، سرسوں کا تیل 0.63 فیصد، شٹرنگ 0.43 فیصد، تازہ دودھ 0.39 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.16 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔