لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

لاہور کے مختلف علاقوں  میں بارش، موسم خوشگوار

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ،این این آئی) لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ڈیوس روڈ ، شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ اور اطراف میں بارش ہوئی۔۔۔

 ایم اے او کالج، ساندہ، اسلام پورہ، چوہان روڈ، سول سیکرٹریٹ، ضلع کچہری اور اطراف میں بھی بارش ہوئی ۔ جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، رنگ روڈ ، فیروز پور روڈ اور اطراف میں بھی بادل برس پڑے ۔ادھر لاہور میں ہونے والی تیز بارشوں نے واسا کی بوسیدہ سیوریج لائنوں کی قلعی کھول دی، جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ کے بعد علامہ اقبال ٹاؤن مین بلیوارڈ پر بھی شگاف پڑ گیا۔مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹاؤن پر سڑک کے عین درمیان سے سیوریج لائن ٹوٹ گئی، مرکزی شاہراہ کے درمیان سے گزرنے والی سیوریج لائن ٹوٹنے سے سڑک پر شگاف پڑ گیا۔بوسیدہ سیوریج لائن کی وجہ سے سڑک میں شگاف پڑا، شگاف پڑنے سے مین بلیوارڈ اقبال ٹاؤن پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیر کی رات سے 30 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث سندھ، بلوچستان اورجنوبی پنجاب کے نشیبی علاقے زیرآب آنے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں، دادو، قلات، خضدار، جعفر آباد، سبی، نصیر آباد، بارکھان، لورالائی، آواران، پنجگور، واشک، مستونگ اورلسبیلہ کے مقامی نالوں/ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے ، موسلا دھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودہا، فیصل آباد، ملتان،ساہیوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں