موسیٰ خیل میں 23مسافروں کا قتل سخت تکلیف دہ،حافظ نعیم

موسیٰ خیل میں 23مسافروں کا قتل سخت تکلیف دہ،حافظ نعیم

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔

امیر جماعت نے موسیٰ خیل بلوچستان میں دہشت گردی واقعہ میں 23 مسافروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ جس لرزہ خیز انداز میں شہریوں کو قتل کیا گیا وہ سخت تکلیف دہ ہے ، یہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے ۔ سندھ اورجنوبی پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے جب کہ بلوچستان اور کے پی میں دہشت گرد جب، جسے چاہیں معصوم شہریوں کو نشانہ بنالیتے ہیں۔کل 28اگست کو کامیاب ملک گیر شٹرڈاؤن ہو گا، حکمرانوں کو بجلی کی قیمتوں، ٹیکسز اور اپنی مراعات میں کمی کرنا پڑے گی، جماعت اسلامی کے دھرنا میں بھرپور شرکت پر خواتین کو مبارک باد دیتا ہوں، یکم ستمبر سے شروع ہونے والی ملک گیر ممبرسازی مہم میں خواتین کو بھی ممبر بنایا جائے گا،خواتین کا کردار اہم ہے جو ملک کی آبادی کا نصف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے ضلعی و زونل ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالا دستی اور عدل و انصاف کی آزادی سے ہی پاکستان مستحکم ہو سکتا ہے ۔ جماعت اسلامی نے عوام کو جاگیرداروں، وڈیروں کے تسلط سے آزاد کرانے ، الیکشن اور لینڈ ریفارمز،خواتین اور نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حق دو عوام کو تحریک کو ازسر نو منظم کر کے یکم ستمبر سے ملک گیر رابطہ عوام مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ، اسی طرح 14روزہ دھرنا کے بعد حکمرانوں کو معاہدہ پر عمل درآمد کرانے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد بھی جاری ہے ۔ جماعت اسلامی پُرامن مزاحمت پر یقین رکھتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں