بھرتیوں،سرکاری خرچ پر بیرون ملک دوروں اور علاج پر پابندی،گاڑیوں کی خریداری بھی بند
اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ٹھوس اقدامات کا عملی آغاز کر دیا جس کے تحت نئی بھرتیوں، سرکاری خرچ پر بیرون ملک دوروں اور علاج پر پابندی لگادی جبکہ گاڑیوں کی خریداری بھی نہیں ہوگی ۔
تفصیل کے مطابق وزارت خزانہ نے حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی،پچھلے 3 سال سے خالی پڑی اسامیاں ختم کردی جائیں گی،کسی بھی قسم کی عارضی اسامی کو ایک سال سے زائد عرصے کے لئے جاری نہیں رکھا جائے گا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج اور حکومتی اخراجات پر بیرونی دوروں پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی، ایمبولینسز، طبی امداد اور تعلیمی اداروں کیلئے بسوں کی خریداری پر استثنیٰ ہوگا۔ہر قسم کی نئی مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد ہوگی تاہم ہسپتالوں، لیبارٹریز، زراعت، سکولوں کیلئے مشینری کی خریداری ہو سکے گی۔ وزارت خزانہ نے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز کو نوٹیفکیشن بھیج دیا۔