پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں پاور شو،اگلا جلسہ لاہور میں کرنیکا اعلان
اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر ، اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف نے اسلام آباد میں پا ور شو کا مظاہرہ کیا اور اگلا جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان کر دیا ۔ اسلام آباد کے مضافات میں سنگجانی کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جلسہ کی اجازت ملے یا نہ ملے لاہور میں جلسہ ہوگا۔
حکومت کے پاس دو ہفتے ہیں قانون کے مطابق اگر عمران خان کورہا نہ کیا تو پھر ہم انہیں اڈیالہ سے لے جائیں گے ۔ خدا کی قسم ہم بانی پی ٹی آئی کو خود رہا کرائیں گے ،میں لیڈ کروں گا،پہلی گولی میں کھائوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سے پنگا مت لینا ورنہ بنگلہ دیش بھول جاؤ گے ۔کوئی مائی کا لال عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں کرسکتا،ہم یہ این آر او قبول نہیں کرتے ، ہم قوم کے یہ لوٹے ہوئے ہزاروں ارب واپس نکلوائیں گے ۔ این آر او دینے کا 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا؟ آئین کی پاسداری نہ کی گئی، قانون کو توڑا گیا جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے ، ہم یہ جہاد کریں گے این آر او دینے والے ہار چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے تم میں نفرت تھی، مجھ پر تشدد کرکے جو بیان لینا چاہتے تھے وہ اگلے جلسے میں بتاؤں گا ،تم آئین کو نہیں مانتے تو ہم بھی آئین کو نہیں مانتے ، اب دما دم مست قلندر ہوگا۔
کال کا انتظار کرو، مریم نواز میں آرہا ہوں، این او سی ملے نہ ملے لیکن پنگا مت لینا ، ان کا کہنا ہے کہ پختونخوا کی عوام نے اپنی طاقت کے زور پر اپنا مینڈیٹ چوری ہونے سے بچایا، پختونخوا میں ہماری مکمل گرپ ہے کسی کا باپ بھی کسی کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، اعظم سواتی کیلئے 7 بجے گیٹ کھولے اور کہا عمران خان ! اللہ کا واسطہ ہے عوام کو روک لو۔ تمام اداروں اور محکموں والے سن لیں کہ انہوں نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ، اگر وہ حلف کی پاسداری نہیں کریں گے تو اگلے جہاں میں پوچھ ہوگی۔میڈیا والے آپ سے سوال نہیں کرتے کیوں کہ وہ اپنا قلم بیچ چکے ہیں، پاکستانی ان لوگوں کو پہچانیں جنہوں نے اپنے قلم بیچے ۔جلسے سے خطاب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کبھی بھی پاکستان میں کسی تحریک کو اتنی بڑی حمایت نہیں ملی۔ موجودہ حکومت چوری اور ڈاکے کی حکومت ہے ۔ اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا تو ہم پورے ملک میں تحریک چلائیں گے ۔
کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے ملک کے ہر شخص کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔موجودہ حکومت پر بانی پی ٹی آئی سمیت گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے دباؤ بڑھانا ہوگا۔تحریک انصاف کو لاکھوں انسانوں کی حمایت حاصل ہے ۔تحریک انصاف کے کارکنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج تک دنیا میں جتنے بھی انقلاب آئے ہیں کسی بھی انقلاب کو اتنے بڑے انسانوں کی حمایت حاصل نہیں تھی ۔انہوں نے کہاکہ آج پاکستان انقلاب کے دوراہے پر کھڑا ہے یہ انقلاب ایک بار پہلے ووٹ کے ذریعے آچکا ۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی صورت چوروں اور ڈاکو ئوں کی حمایت نہیں کریں گے ۔ سب کو پتہ ہے کہ شہباز کی حکومت چوری اور بے ایمانی سے آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہے ۔اگر یہ لوگ طریقے سے آگے بڑھے اور اعلان کرکے حکومت کو 10سے 15دن دیدیں کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام گرفتار کارکنوں کو رہا کریں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو نوٹس دیدیں اور پھر ان کارکنوں سمیت ہماری تحریک اکٹھے ہوکر اعلان کردیں کہ ہم نے پاکستان کے ہر ضلع میں تحریک چلانی ہے ، عوام کا راج ہوگا عوام کی بادشاہی ہوگی اور عوام کا انقلاب ہوگا ۔گولیوں، بموں، مارنے پیٹنے سے ملک نہیں بنتے ۔ عمرایوب خان نے کہاکہ ہمارا الیکشن چرایا گیا ۔ جلسوں کا آغاز ہوگیا ہے اور اب پورے پاکستان میں جلسے کریں گے ۔ انتظامیہ نے راستہ روکنے کی بھرپور کوششیں کی ہیں ہم بانی پی ٹی آئی کو ہر صورت رہا کرکے رہیں گے ۔بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہماری پارٹی مرضی کی عدالتیں اور ججز کو قبول نہیں کرے گی،تحریک انصاف ججز سے متعلق قانون سازی کی مخالفت کرے گی۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف مزید کسی کیس کا بنانا ہمیں قبول نہیں، بانی پی ٹی آئی ایک حقیقت ہیں یہ ماننا پڑے گا۔ 8فروری کے انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، مقدمے بنائے گئے ، جیل میں ڈالا گیا، یہ سمجھے لوگ بھول جائیں گے ۔
ہم ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں حکومت بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کرے ۔یہ حکومت جو قانون سازی کرتی ہے یہ جعلی حکومت اور فارم 47کی حکومت رات کے اندھیرے میں اپنے آپ کو این آر او دینے کیلئے قانون سازی کرتی ہے اب ماننا پڑے گا کہ بانی پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے اب مائنس کی سیاست نہیں ہوسکتی ۔ اس حکومت اور ان کے کارندوں نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا ، آج بلوچستان ہاتھ سے نکل رہا ہے آج ججز کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے ۔ مرضی کے کورٹس بنا کر مرضی کے فیصلے لینا کسی صورت قبول نہیں ، ہم اس پر بھرپور احتجاج کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی ہی اصل لیڈر ہے اور وہ عوام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں وہ بہت جلد باہر آئیں گے اور ایک بار پھر عوام کے درمیان اس ملک کے وزیر اعظم بن کر ہونگے ۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونے دیں گے ، اگر بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل کرنا ہے تو ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا۔ سیالکوٹ کے بنارسی ٹھگ نے کہا جلسہ پریس کلب میں ہوگا، آ کر دیکھ لو 25 کلومیٹر تک لائن لگی ہوئی ہے اور عوام نے آج ثابت کردیا ہے کہ ہم ہی اسٹیبلشمنٹ اور ہم ہی ریاست ہیں، آج ثابت ہو گیا ریاست بھی عوام ہے ، طاقت بھی عوام ہے ، اب وہی ہو گا جو عوام چاہے گی۔، ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ غلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جواب دے گی ، کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل کرنا چاہتے ہیں میں کہتا ہوں تم اپنا یہ شوق بھی پورا کر لو لیکن یہ شوق ہماری لاشوں سے گزر کر پورا کرنا پڑے گا ، تم کہتے تھے کوئی بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لے سکتا لیکن آج ہر طرف عمران خان زندہ باد سنائی دے رہا ہے ، خدانخواستہ بانی پی ٹی آئی کو کچھ نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو نواز شریف سن لو ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے ۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جابر نے بانی پی ٹی آئی کو پابند سلاسل کیا لیکن کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو بانی پی ٹی آئی کو روک سکے ، وہ چٹان کی طرح کھڑا ہے ، یہ جدوجہد آزادی کیلئے ہے جو جاری رہے گی اور بانی پی ٹی آئی کبھی جھکے گا نہیں بلکہ آخری دم تک مقابلہ کرے گا۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے ملک سے محبت کی ہے ، اگر ملک سے محبت کرنا اور حق کی بات کہنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے ۔علی محمد نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہے ، کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ تحریک جو عمران خان نے پاکستان کو بچانے کے لیے بنائی تھی، اس تحریک کی خاطر ان کو جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ مراد سعید اور شہریار آفریدی یہاں موجود نہیں ہیں، وہ ملک سے باہر کیوں ہیں، وہ سامنے کیوں نہیں آسکتے ۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے ، علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘فارم 45 کے لوگوں نے ہمیں طعنے دئیے کہ پنجاب میں جلسہ کر کے دکھائو، ہم پنجاب میں داخل ہوں گے اور کے پی کے کم از کم 50 ہزار لوگ میرے ساتھ ہونے چاہئیں ۔حماد اظہر نے کہا کہ ‘پنجابیو !میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے ۔‘یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں، یہ حکومت عدالتوں کو ہراساں کر کے قائم ہے ، اگر عمران خان آئین پر یقین نہ رکھتے تو کب کا تمہارا دھڑن تختہ ہو چکا ہوتا۔’شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج سب رکاوٹیں ہٹا کر لوگ جلسے میں پہنچے ، کہتے تھے 8 ستمبر کو جلسہ نہیں ہو گا، جو کہتے تھے پنجابی نہیں نکلتے آج دیکھ لو جلسے میں پنجابی موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘عوام بانی پی ٹی آئی کی اصل طاقت ہیں، جو ہمارے راستے میں آئے گا عوام اس سے ٹکرائے گی، ہم بانی پی ٹی آئی کو رہا کروائیں گے ۔سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہاکہ پاکستان تاریخ کے حساس ترین دور سے گزر رہا ہے اور ملک لٹیروں اور ہوس کے پجاریوں نے اقتدار پرستی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے ’اس وقت ملک وینٹی لیٹر پر ہے ہمیں خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرنی ہوگی ۔
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ،وقائع نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )جلسہ سے تھوڑی دور چونگی نمبر 26 پر پولیس اور کارکنوں میں تصادم ہو گیا پولیس نے شیلنگ ، کارکنوں نے پتھراؤکیا ، ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد زخمی ہو گئے ۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے جلسہ کے لیے طے کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے ، جلسہ کے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کو اتوار کو سنگجانی میں جلسہ عام کے لیے 7 بجے رات کا ٹائم دیا تھا، جس کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ باقاعدہ ایس او پیز طے کیے گئے تھے اور جلسے کے منتظمین نے ان پر باقاعدہ عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی تھی۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسہ عام کے لیے جاری کیے گئے این او سی میں مقررہ وقت 7 بجے کا تحریر کیا گیا تھا، تاہم پی ٹی آئی نے جلسہ عام کے لیے طے کردہ ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلسہ جاری رکھا۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سنگجانی جلسے کے منتظمین کے خلاف اب باقاعدہ ملک کے آئین اور قانون اور امن و امان سے متعلق پاس کیے گئے نئے ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ادھر 26 نمبر چونگی پر پولیس اور مظاہرین کی جانب سے جھڑپیں ہوتی رہیں، اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤکیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پتھرائوسے ایس ایس پی سیف سٹی زخمی ہو گئے ، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لے کر آئی جی اسلام آبادسے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی