آرمی کمزورہوگئی تو یہ ملک قائم نہیں رہ سکتا:گورنر سلیم حیدر
لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاہے کہ ہماری آرمی تگڑی ہے اسی لئے یہ ملک قائم ہے ، جب آرمی کمزورہوگئی تو یہ ملک قائم نہیں رہ سکتا، ہم اپنا نقصان کر لیں گے ایسا کچھ نہیں ہونے دیں گے جس سے ملک کونقصان ہو۔
اگرہمارے گلے شکوے ہیں توہم بیٹھ کران سے بات کرسکتے ہیں۔لاہور میں ایک سیمینارسے خطا ب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ ہم نے اپنی آرمی کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ، نومئی ملک کے ساتھ بڑی زیادتی تھی ،جب تک سزا جزا نہیں ہوگی توقع نہیں کرسکتے کہ اس طرح کے واقعات رک جائیں گے ۔سلیم حیدر نے کہا کہ سوشل میڈیا ہماری نسل کو غلط راستے پرچلا رہا ہے ، اگراس میں پی ٹی آئی اوربانی پی ٹی آئی شامل ہے تو پی ٹی آئی اوراسکے حواریوں کا کیس آرمی عدالتوں میں چلنا چاہئے ،بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا صدام حسین کی طرح ہے کہ دس بیس سال کیلئے ملک پر بیٹھوں ، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ ان کا کہناتھاکہ کچھ دنوں میں سولہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر میرٹ پر تعینات کردئیے جائیں گے ، کسی نالائق آدمی کو کسی سیٹ پر لگادیں تو وہ پورے سسٹم کو تباہ کردیتا ہے ۔دریں اثنا گورنر ہائوس لاہور میں تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے قومی ہیرو اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کو 15کروڑ روپے کا چیک پیش کیا گیا ۔ گورنر نے بین الاقوامی سطح پر تقریری و مضمون نویسی کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر اسم
ا فاطمہ کو تعریفی سند سے بھی نوازا۔گورنر پنجاب نے کہاکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پیپلز پارٹی کا ویژن ہے ،ملکی موجودہ صورت حال میں آصف علی زرداری ہی قوم کو متحد کرسکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کے ویژن کی وجہ سے یہ حکومت چل رہی ہے ، ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے تاکہ ملک معاشی طور پر مضبوط ہو اور ترقی کی منازل طے کرے ۔ ارشد ندیم نے قرعہ اندازی میں پرچیاں نکال کر کے عمرہ کا ٹکٹ جیتنے والے 12 خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ سابق نگران صوبائی وزیر گوہر اعجازنے گورنر ہائوس میں قائم سکول کے بچوں کیلئے کھانا اور اٹک کی پسماندہ تحصیل میں ڈائلسز سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا،عمرہ پروگرام کے 6ٹکٹ بھی انہوں نے سپانسر کئے ۔