مختلف واقعات میں 5افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا

مختلف واقعات میں 5افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا

اوکاڑہ،عارف والا،قصور(نمائندگان)اوکاڑہ میں گھریلو ناچاقی پرخاوند نے ساتھیوں سے مل کر بیوی کو نشہ آور چیز کھلا کر قتل کر دیا۔ملزموں نے لاش چھت سے لٹکا دی۔مقتولہ کے بھائی نے خاوند کی بھانجی کو طلاق دے رکھی تھی۔

تفصیلات کے مطابق چک نمبر 17/4ایل کی رہائشی اقصیٰ بی بی کی شادی ڈیڑھ سال قبل افتخار نامی شخص سے ہوئی جن کے مابین گھریلو ناچاقی پیدا ہو گئی۔بتایا گیا ہے کہ افتخار کی رشتے میں بھانجی کی شادی اس کے سالے عمران سے ہوئی تھی جس نے اسے طلاق دے دی تھی۔وقوعہ کے روز افتخار نے مبینہ طور پر 2ساتھیوں حمزہ ریاض اور آمنہ سے ملکر اقصیٰ کو نشہ آور چیز کھلا کرقتل کردیا اور اس کی لاش کو چھت سے لٹکا کر خود کشی کا ڈرامہ رچانے کی کوشش کی۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد قتل کا مقدمہ درج کر لیا اورنامزد ملزموں کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ۔دریں اثنا منڈی احمد آباد کے نواحی گاؤں جسوکی نوآباد میں گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک بھائی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ نامعلوم ملزم رات کی تاریکی میں اشرف نامی دیہاتی کے گھر میں گھس گئے اور فائرنگ کر دی ۔ قتل ہونے والے شخص کی شناخت اشرف اور زخمی ہونے والے شخص کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے ۔ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ،جسے ساہیوال ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

علاوہ ازیں عارفوالہ کے نواحی گاؤں 156ای بی میں گیس پائپ کو پتھر مارنے پر بچے کو مارنے سے شروع ہو نے والا تنا زع قتل کی وجہ بن گیا، انور بی بی کا پوتا گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اس کے رونے کی آ واز سن کر باہر نکلی تو فاروق اور اس کے دیگر تین عزیز وں نے انور بی بی سے جھگڑنا شرو ع کر دیا اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی، ملزموں نے دوران لڑائی خا تون پر سوٹے برسا دیئے ، جس پر خا تون شدید زخمی ہو گئی ،خا تون کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی ۔تھانہ صدرپولیس نے واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے شوہر اﷲبخش کی مدعیت میں درج کر لیا ۔ادھرقصور کے نواح قادی ونڈ روڈ پرڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اُتار دیا، ڈاکو سواریوں کے روپ میں 35سالہ نذیراحمد ولد اقبال رکشہ ڈرائیور کے ساتھ قادی ونڈ جارہے تھے کہ ویرانے میں جاکر رکشہ میں سوار ڈاکوؤں نے اُس سے رکشہ اور نقدی چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے اُسے شدید زخمی کردیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔ دوسری جانب الہ آباد کے نواح میں مخالفین نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا،تلونڈی کے رہائشی منظور احمد نے بتایا کہ علی ولد خالد وغیرہ نے فائرمارکر میرے 52سالہ بھائی محمدیسٰین کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں