اب گولی کا جواب گولی،گنڈا پور کا انقلاب کا اعلان،بد معاشی نہیں چلے گی:وزرا

اب گولی کا جواب گولی،گنڈا پور کا انقلاب کا اعلان،بد معاشی نہیں چلے گی:وزرا

پشاور( نیوز ایجنسیاں )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے باضابطہ طور پر انقلاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا، تو اس پر گولی برسائی جائے گی۔

ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں پہلے ہماری عزتوں، چا در اورچاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا لیکن ہم نے ملک کے لئے اف تک نہیں کی، اب ہم پر بھی گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 کارکنوں کو گولیاں ماری گئیں ، تیسرے کارکن کو گولی ماری گئی جس کا پتہ نہیں چل رہا، ہم پر سیدھے شیل مار کر 50 سے ز ائد کارکنوں کو زخمی کیا گیا، پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلو میٹر پر ہم پر شیل اور گولیاں برساتے رہے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورا پاکستان ہمارا ہے ، پورے ملک کو مبارک باد دیتا ہوں، آج کئی پولیس اہلکار ہمارے ہتھے چڑھے لیکن میں نے ان کو ریسکیو کیا، پنجاب پولیس کے جوانو !، اگر اپنے باپ کے اولاد ہو تو بیان دو کے ہم نے تم کو چھوڑ دیا تھا۔علی امین نے کہا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا ،تو اس پر گولی برسائی جائے گی، تم ایک شیل اور لاٹھی ماروگے ہم 10 ماریں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ پختونخوا کے لوگو !، قبائل میں جرگے کرو، سب متحد ہو جائیں، اگر تم لوگ کہتے ہو کہ یہ سب ہمارا ہے ، اور وہ ہمیں ماریں گے تو پھر مرنے کے لئے ہم تیار ہیں ، یہ میرا واضح پیغام ہے دھمکی نہیں ہے اور یہ اصلاح کی آخری وارننگ ہے ۔علی امین نے کہا کہ ادارے قوم کی آواز نہیں بن سکتے اور قوم کی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہوجائیں، عوام کے فیصلے عوام کو کرنے دیں، سیاستدانوں کو سیاست کے فیصلے کرنے دیں، ادارے بیچ میں نہ آئیں اور پھر دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے ، باقاعدہ انقلاب کا اعلان کر رہا ہوں، انقلاب کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

لاہور ( دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں ) وزرا نے علی امین گنڈا پور کو ویڈیو پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ علی امین ہوش کے  ناخن لیں، بدمعاشی نہیں چلے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گولی چلانے ، لاشیں گرانے کا بیان دے کر اپنی ناکامی کا اعتراف کیا ، اسلام آباد، پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی 9مئی کو د ہرانے کے مترادف ہے ،پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں ہے وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے ، کسی اور کا نہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اِنہوں نے کبھی نہیں کہاکہ ہم تعلیم، صحت، روزگار، معاشی بہتری کے میدانوں میں مقابلہ کریں گے انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں، کے پی میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی ہے اصل مقابلہ یہ تھا کہ ہسپتال، درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے ۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ہے ۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور ہوش کے ناخن لیں، پنجاب میں بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی اجازت نہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عظمی ٰبخاری کا کہنا تھا کہ آپ کو پنجاب میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ، پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، انہوں نے کاہنہ میں بھی قانون کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو ان سے پوچھنا چا ہئے کہ یہاں ترقی کیوں نہیں ہوتی، فتنہ پارٹی پاکستان کے عوام کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی، آپ نے احتجاج کرنا ہی ہے تو خیبرپختونخوا میں کیوں نہیں کرتے ؟ خیبرپختونخوا میں امن و امان پر اجلاس کیوں نہیں ہوتا؟ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں یونیورسٹیوں کی تعداد کم کی جارہی ہے ، وہاں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، آپ کو خدمت کرنا نہیں آتی تو سیکھ لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں