ہونہار سکالر شپ:رجسٹریشن شروع،نوجوانوں کو بہتریں روز گاردینگے:مریم نواز
لاہور(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ایک اور وعدہ پورا کردیا ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہونہار سکالر شپ پروگرام کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے ۔
مریم نوازشریف نے کہا الحمدللہ اپنی پہلی تقریر میں کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا،نوجوانو ں کو بہترین روز گار دینگے۔ تفصیل کے مطابق عالمی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 68ڈسپلنز میں سالانہ 30ہزارطلبہ کو سکالر شپ دیا جائے گا۔ 50پبلک سیکٹر یونیورسٹیز،16میڈیکل کالجز اور131گریجویٹ کالجز کے طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیا جائے گا۔ ہونہار سکالر شپ لمز، فاسٹ،کامسٹ، نسٹ،غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ اور 7مزید ٹاپ پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلبہ کو دیا جائے گا۔ ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 8سال میں 130ارب روپے کے وظائف فراہم کئے جائیں گے ۔ ہونہار سکالر شپ پروگرام سے آئندہ 4سالوں میں ایک لاکھ 20ہزار طلبہ مستفید ہوں گے -طلبہ honhaarscholarship.punjabhec.gov.pk پر اپلائی کر سکتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاہونہار سکالرشپ پروگرام کاآغاز اہم سنگ میل ہے ،پروگرام مستحق اور ہونہار طلبہ کے لئے معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا پروگرا م اعلیٰ تعلیم کے لئے ذہین طلبہ کی مالی رکاوٹو ں کو ختم اور اعلی ٰتعلیم کے خواب پورے کرے گا،نوجوانو ں کو اعلیٰ تعلیم اور بہترین روز گار فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور اس کے نجی گارڈ کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔