ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے ،28اکتوبر تک قیام کرینگے
اسلام آباد (نیوزایجنسیاں )مبلغ اور سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے ،وہ 28 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے ۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطا الرحمن اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری سمیت دیگر نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب اور امامت بھی کریں گے ۔ پاکستان میں قیام کے دوران وہ اعلیٰ حکومتی عہدے داروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک عوامی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے ، ذاکر نائیک کو سخت سکیورٹی میں اسلام آباد میں رہائش گاہ پرپہنچایا گیا۔ ڈاکٹر ذاکر 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوگوں سے خطاب کریں گے ۔