گجرپورہ،پھولنگر،کوٹ رادھاکشن میں مقابلے،3ڈاکو ہلاک،اہلکار زخمی

گجرپورہ،پھولنگر،کوٹ رادھاکشن میں مقابلے،3ڈاکو ہلاک،اہلکار زخمی

لاہور،پھولنگر ،قصور(کر ائم رپو رٹر،نامہ نگار ،نمائندہ دنیا)مختلف مقاما ت پر مقابلوں میں3 ڈاکوفائرنگ سے ہلاک ، چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

 آرگنائزڈ کرائم یونٹ سول لائنز اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک شوٹر و ڈاکو ملک عمران صابر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔پولیس ٹیم ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے تھانہ گجرپورہ لے جارہی تھی کہ ملزموں نے ساتھی کو چھڑوانے کیلئے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے عمران صابر شدید زخمی ہو گیا ، ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ دیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔ہلاک ملزم قتل ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب اور اشتہاری تھا۔ ملزم نے ہربنس پورہ،مغلپورہ، غازی آباد اور کاہنہ میں 4 شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ تھانہ سٹی پھولنگر کے علاقے میں ساتھیوں کو چھڑوانے کیلئے ڈاکوؤں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی جس سے ایک اکو ہلاک، 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے ۔ مذکورہ ڈاکوؤں نے کچھ عرصہ قبل صرافہ بازار پھولنگر میں کروڑوں کی واردات میں فائرنگ سے پولیس اہلکار ندیم کو شدید زخمی کردیا تھا ۔ پھولنگر پولیس زیر حراست ڈاکوؤں اللہ وارث ، مشتاق عرف ماکھی ، احمد رضا اور شکیل کو مقدمہ میں ریکوری کر کے واپس آ رہی تھی ، میگہ روڈ پر انکے 5 ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کیلئے فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ پر حملہ آور وں کی فائرنگ سے ڈاکو مشتاق عرف ماکھی ہلاک ہو گیا جبکہ احمد رضا اور شکیل زخمی ہو گئے ۔

ملزموں کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ،ملزم سرکاری رائفل اور ساتھی ڈاکو کو پولیس حراست سے چھڑا کر فرار ہو گئے ۔ زخمی ڈاکوؤں اور اہلکاروں کو آر ایچ سی پھولنگر منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے بستی لال شاہ ڈکیتی کی اطلاع پر مدکے پل نہر پر ناکہ بندی کی، اس دوران دومشکوک موٹرسائیکل سوار افراد کو رُکنے کا اشارہ کیاتوانہوں نے فائرنگ کردی،ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیاجس نے اپنا نام اﷲ وارث جوئیہ بتایا،پولیس اس کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھاکشن منتقل کررہی تھی کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے ، موبائل فونزودیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ راوی روڈ میں صابر سے 2 لاکھ 20 ہزار وموبائل ،غازی آباد میں عاصم سے 2لاکھ 10 ہزار و موبائل،گارڈن ٹائون میں واصف سے 1لاکھ 80 ہزارو موبائل ،مسلم ٹائون میں افضل سے 1 لاکھ 70ہزارو موبائل،قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ میں فاخر سے 1 لاکھ 65 ہزار و موبائل ،کاہنہ میں غضنفر سے 1لاکھ 60 ہزار وموبائل ،گلشن راوی میں قاسم سے 1لاکھ 35ہزار وموبائل لوٹ لیا گیا۔نصیر آباد اور مغلپورہ سے گاڑیاں جبکہ شادمان ،مصری شاہ اور لوئرمال سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں