مسئلہ فلسطین پر مسلمان ممالک کونیٹو طرز کا اتحاد بنانا چاہیے :ذاکر نائیک
اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر ، اپنے رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں ) ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے نیٹو طرز کے اتحاد کی تشکیل کی تجویز د یتے ہوئے کہا کہ اس طرح مسلمان ممالک زیادہ طاقتور ہوں گے لیکن افسوس کے مسلمان تقسیم کا شکار ہیں ۔
اسلام آباد میں پاکستانی اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطین کی صورتحال پر سوال پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ نیٹو کے 32 ممالک ہیں ، اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہو تو تمام ممالک پر حملہ تصور ہوتا ہے ۔ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مسلمانوں کو کیا کرنا چاہیے ؟ اس پر مزید جواب دیتے ہوئے ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہر مسلمان کم ازکم دعا تو ضرور کرسکتا ہے اور اس کے لیے بہترین وقت تہجدکا ہے ۔ اس کے علاوہ ہمیں اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں پرامن احتجاج کرنا چاہیے ، احتجاج کافی موثر ہوتا ہے ۔ ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ، اس کے علاوہ مسلمانوں کو انفرادی طور پر جتنا بھی ہوسکے فلسطینیوں کی مالی امداد کرنی چاہیے ، چاہیے 100 روپے ہوں یا 1000 روپے ، اللہ تعالیٰ نیت کو دیکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمات کرنے چاہئیں۔ مسلمانوں کے میڈیا کو چاہیے کہ فلسطین کے حوالے سے آواز بلند کرے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسلمان قرآن و سنت پر عمل کریں گے تو اللہ کی مدد اور زیادہ آئے گی۔ ادھر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمن اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی ، سپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں امت مسلمہ و درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا ۔مزید برآں مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نا ئیک جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الر حمن کی رہائش گاہ پر گئے ، ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی تھے ، مولانا فضل الر حمن نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر استقبال کیا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الر حمن نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہا ،مولانا فضل الر حمن نے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر رونق بخشی،ڈاکٹر ذاکر نائیک یہاں مہمان نہیں میزبان ہیں یہ ان کا اپنا گھر ہے ، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الر حمن سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی،ڈاکٹرذاکرنائیک نے کہا کہ مولانا فضل الر حمن کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سرا ہاتا ہوں، فضل الر حمن کی رہائش گاہ میں اپنائیت محسوس کر رہا ہوں ،مولانا فضل الر حمن نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا ڈاکٹرذاکرنائیک نے مولانافضل الر حمن کو پرفیوم کا تحفہ دیا، ذاکر نائیک نے مولانا فضل الر حمن کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی ، ڈاکٹر ذاکر نائیک آج کراچی پہنچیں گے ۔کراچی ایئر پورٹ پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ اور اساتذہ، گورنر کامران ٹیسوری، وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر ان کا استقبال کریں گے ۔