تو شہ خانہ ٹو :عمران ، بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
راولپنڈی ، اسلام آباد (خبر نگار ،اپنے نامہ نگار سے )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی گئی ۔توشہ خانہ ٹو میں ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو ریفر نس کی سماعت سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی ۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ توشہ خانہ ٹو بلغاری ریفرنس میں ملزموں کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھا پیش ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ملزموں کی جانب سے وکیل کی تقرری نہیں ہو سکی ہمیں وقت دیا جائے ،سماعت آئندہ منگل کے بعد تک ملتوی کی جائے ۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے آئندہ منگل کی تاریخ پر اعتراض کیا عدالت میں دلائل دیئے کہ عدالت ملزموں کو اپنے وکیل مقرر کرنے کے لیے اتنی لمبی تاریخ نہ دے ۔عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے جمعرات کو مشاورت کا حکم دیتے ہوئے ہفتہ 5 اکتوبر تک سماعت ملتوی کر دی ۔
دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں احتساب عدالت سے بریت درخواستیں مسترد ہونے کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں میں نیب کی استدعا پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔عدالت نے ٹرائل کورٹ کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا حتمی فیصلہ سُنانے سے روکنے کے حکم میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی،عدالت نے نیب کی سماعت ملتوی کرنے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور فاضل ججز نے چیمبر سے عملے کے ذریعے فریقین کے وکلاء کو آگاہ کر دیا۔