پنجاب کی طرح دوسر ے صوبے بھی کرایوں میں کمی کریں:عظمٰی بخاری
لاہور (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ مسلسل پانچویں مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی پروزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 20 سے 190 روپے تک کمی کرا دی گئی ہے ۔
پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر عوام کیلئے کرایوں میں کمی کی جاتی ہے ۔ پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر مسافروں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے ۔ لاہور سے کراچی کے کرایہ میں 190 ، پشاور 50 اور راولپنڈی کے کرایہ میں 20 روپے کمی کی گئی ہے ۔ کرایوں میں کمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسرفیلڈ میں موجود ہیں۔ تمام بس اڈوں پر نئے کرائے نامے آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ہم ٹرانسپورٹرز کے بھی مشکور ہیں جو حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ باقی صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کی تقلید کرتے ہوئے پٹرول ، ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کرنی چاہیے ۔