وزیراعظم نے7اکتوبر کو آل پارٹیز کا نفرنس بلالی

وزیراعظم نے7اکتوبر کو آل پارٹیز کا نفرنس بلالی

اسلام آباد (نامہ نگار،اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )ملکی سیاسی حالات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی۔

وزیراعظم سے گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملاقا ت کی ،جس میں آل پارٹیزکانفرنس بلانے اور7اکتوبر کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پرمنانے کا فیصلہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں تمام جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی اورملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا، کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور حافظ نعیم الرحمن کی شہبازشریف سے ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے یومِ یکجہتی منانے کا فیصلہ بھی ہوا،اس حوالے سے اجتماعات اور سیمینارز ہونگے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس میں ملکی سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔ یوم یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے انتظامی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہونگے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین و غزہ میں جاری نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے یوم یکجہتی کی بھرپور حمایت کی اورجماعتِ اسلامی کے غزہ اور فلسطین میں جاری نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے حق میں یکجہتی کے مؤقف کی تعریف کی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پوری قوم کو سامراجی صیہونی ایجنڈے کے خلاف ایک آواز میں بولنا چاہئے ۔ملاقات میں امیر جماعت اسلامی و وفد نے وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی تقریر میں فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کی تقریر کے آغاز پر وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد کے واک آؤٹ کو سراہا۔حافظ نعیم الرحمن نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگواورفیصل آباد میں جلسے سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ7اکتوبر کو پورا پاکستان 12بجے گھروں سے نکلے ، پوری دنیا کو بتا دے کہ ہم فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم تمام اسلامی ممالک سے اس ایشو پر ایک آواز بننے کی اپیل کر رہے ہیں، اہل غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو ایک سال مکمل ہوگیا، اب سب کو ایک ہونا ہوگا۔

ان کاکہناتھاکہ ہمیں اچھانہیں لگتا کہ ان لوگوں سے ملیں جو برس ہابرس سے ملک پر مسلط ہیں، مگر اہل فلسطین و کشمیر کیلئے کچھ نہیں کر سکے تاہم اس کے باوجود بھی امت کے مسائل پر یکجہتی و یگانگت پیدا کرنے کیلئے کوششیں کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، جماعت اسلامی نے اسی سلسلہ میں حکومتی و اپوزیشن پارٹیوں سے رابطے کئے ، وزیراعظم کوتجویز دی ہے کہ فلسطین پر عالمی کانفرنس بلائی جائے جس میں تمام مسلمان ممالک کے حکمرانوں اور آرمی چیفس کو بھی مدعو کیا جائے اور اسرائیل کو واضح پیغام دیا جائے کہ فلسطینیوں پر ظلم بند کرو، ہمیں یقین ہے کہ ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔ اسرائیل کو مٹ جانا ہے ، امریکا اور اس کے حواری بھی شکست کھائیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ وزیراعظم سے ملاقات میں حکومت کے سامنے آئی پی پیز اور بجلی و پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بھی بات رکھی ہے ۔ جماعت اسلامی کے وفد میں حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ لیاقت بلوچ، امیر العظیم اور نصراللہ رندھاوا شامل تھے ۔وزیراعظم سے سینیٹ میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر عرفان صدیقی نے بھی ملاقات کی اورملکی سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو مولانا فضل الرحمن سے ہونے والی حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں