پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن:نظرثانی درخواست 11اکتوبر کو مقرر
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ، آئی ا ین پی ) سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی، سماعت 11 اکتوبر کو ساڑھے 11 بجے ہوگی ، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔ ججز کمیٹی نے آئندہ ہفتے کیلئے ججز کا روسٹر بھی جاری کر دیا، بینچ نمبر ایک چیف جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل ہے ، بینچ نمبر2 میں جسٹس منصور علی شاہ،جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہیں۔ بینچ نمبر تین جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہوگا ، بینچ نمبر 4 جسٹس امین الدین ، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہوگا۔ بینچ نمبر 5 میں جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہوں گے ، بینچ نمبر 6 جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہوگا۔ بینچ نمبر 7 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہوں گے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آئندہ ہفتے کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا۔ چیف جسٹس عامرفاروق کی منظوری کے بعد رجسٹرار آفس سے جاری کازلسٹ کے مطابق کیسز کی سماعت کیلئے چھ ججز دستیاب ہونگے ، جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان دستیاب نہیں ہونگے ۔ آئندہ ہفتے چھ سنگل اور تین ڈویژن بینچز دستیاب ہونگے ، چیف جسٹس کی ہدایت پر لارجر بینچ اور خصوصی ڈویژن بینچ بھی دستیاب ہوگا۔