بھارتی وزیرخارجہ کو ویلکم،کسی نا کسی دن بات کرنا پڑیگی، بلاول
اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کو پاکستان میں ویلکم کرتا ہوں،آج نہیں لیکن کسی نا کسی دن توبات چیت کا آغازکرنا پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا ایس سی او رولز کے مطابق دوطرفہ معاملات کونہیں اٹھایا جاسکتا تاہم پاکستان اوربھارت کودوطرفہ تعلقات کے لیے بات چیت کا آغازکرنا چاہئے ، کیا یہ ممکن نہیں پاکستان اوربھارت ملکرموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے بات کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا بھارتی وزیراعظم میں اعتماد ہوتا تو وہ خود پاکستان آتے ، بھارت نے سارک پلیٹ فارم کے لیے مشکلات پیدا کررکھی ہیں، بھارت نے مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرکے سلامتی کونسل اوراپنے آئین کی خلاف ورزی کی۔ دریں اثناء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا امید کرتا ہوں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ذمہ داری نبھاتے ہوئے مناسب باتیں کریں گے ۔بلاول نے کہا ہماری کوشش تھی اجلاس میں بھارت کی نمائندگی ہو، اجلاس پاکستان میں ہونا فخر کی بات ہے ، بحیثیت وزیر خارجہ پچھلے اجلاس میں کردار ادا کیا۔بلاول کا کہنا تھا بھارتی وزیر خارجہ کو جانتا ہوں وہ بولنے سے خود کو روک نہیں پائیں گے ، ان کی عزت کرتا ہوں ہم ثقافت کے مطابق میزبانی کو سنجیدہ لیتے ہیں، پاکستان میں ایس سی او کے موقع پر ایسی بات نہیں کرنا چاہتا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو بری لگے ، جانتا ہوں وہ رہ نہیں پائیں گے اور دہشتگردی پر اپنا بیانیہ دہرائیں گے ، وہ اپنا بیانیہ دہرائیں تو بھی بطور میزبان ہمیں معاف کرنا چاہیے ان کو موقع نہیں ملنا چاہیے کہ وہ شکایت کریں۔