آئینی ترمیم سے عدلیہ پر حکومت کا کنٹرول ہوگا:حافظ نعیم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کے حکومتی اتحاد نے کالے ناگ نہیں عدلیہ کے دانت نکال دیئے ہیں۔
ترمیم پر اتفاق رائے سے متعلق حکومتی عہدیداروں اور اپوزیشن کے بیانات مضحکہ خیز ہیں ، گویا سب کا اس پر اتفاق ہے کہ منصور علی شاہ چیف جسٹس نہیں بن رہے ، اب عدلیہ پر حکومت کا کنٹرول ہوگا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کیاخوب اتفاق ہے کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ ترمیم پر پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمن کا 100 فیصد اتفاق ہے جبکہ بیرسٹر گوہر کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کا مولانا سے اتفاق رائے ہو گیاجبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کے مسودے سے اتفاق کیا ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا سب کا اس پر اتفاق ضرور ہوگیا ہے کہ اب منصور شاہ چیف جسٹس نہیں بن رہے ، چیف جسٹس کا تقرر سنیارٹی پر نہیں ہوگا اور اب عدلیہ پر حکومت کا کنٹرول ہوگا۔