2024 میں پاکستان سب سے زیادہ ٹی20 میچز ہارنے والی ٹیم
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم سال 2024 میں ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ شکست کھانے والی ٹیم بن گئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں پاکستان کرکٹ ٹیم 17ٹی20 میچز میں ناکامی سے دوچار ہوئی، دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کرکٹ ٹیم رہی جس نے 15 میچ میں شکست کا سامنا کیا جبکہ عمان کی ٹیم 13، مالدیپ، منگولیا، میانمار، نمیبیا اور نیپال کی ٹیمیں 12 ،12 مرتبہ شکست سے دوچار ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے سال 2024 کے دوران مجموعی طور پر 27ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں سے محض 9 میں قومی ٹیم کو فتح نصیب ہوئی،17 میچز میں پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس میں امریکہ کے خلاف عالمی کپ میں ٹائی ہو جانے والا میچ بھی شامل ہے ۔ قومی ٹیم کو سپر اوور میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان کے ایک ٹی20 انٹرنیشنل کا نتیجہ سامنے نہیں آ سکا تھا، واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 7واں نمبر ہے ، بھارت پہلی پوزیشن پر فائز ہے جبکہ آسٹریلیا دوسری، انگلینڈ تیسری، ویسٹ انڈیز چوتھی، نیوزی لینڈ پانچویں، جنوبی افریقا چھٹی، سری لنکا 8ویں، بنگلادیش 9ویں اور افغانستان 01ویں پوزیشن پر براجمان ہے ۔