بجلی چوری کے ملزموں کا لیسکوٹیم پرحملہ، تشدد کانشانہ بنایا
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) نواں کوٹ کی حدود میں بجلی چوری میں ملوث ملزموں نے لیسکو ٹیم پر حملہ کردیا، بجلی چوروں نے لیسکو ملازمین کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ترجمان لیسکو کا کہنا ہے۔
کہ میٹر ریڈرافتخار احمدپر ملزم شاہد نے اپنے بیٹوں اور چند نامعلوم مسلح افراد کے ساتھ حملہ کیا،ملزموں نے میٹر ریڈر کو یرغمال بنا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ، واقعہ کے بعد ایس ڈی او فیضان اعظم آگیا،ملزم شاہد کے بیٹے نے خواتین سمیت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر ڈنڈوں اور آہنی راڈوں سے حملہ کیا، اس دوران ملزم شاہد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی،پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی ملزمان فرار ہوگئے ۔لیسکو ٹیم نے تمام غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے ، ملزموں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔دریں اثنا شرقپور روڈ پرنجی سوسائٹی سے کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑی گئی، ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق برج اٹاری سب ڈویژن کی ٹیم علاقے میں چیکنگ آپریشن کر رہی تھی کہ اس دوران سوسائٹی کا کنکشن چیک کیا تو انکشاف ہوا کہ ملزم نے 200کے وی کا ٹرانسفارمر اتار کر اس کی جگہ از خود 400کے وی اے کا ٹرانسفارمر نصب کر رکھا ہے ، جس کے ایل ٹی بشوں سے چا ر کیبلوں کے ذریعے ڈائریکٹ سپلائی حاصل کی جارہی ہے ، چاروں کیبل ایک جانب سے ایل ٹی بش اور دوسری جانب کھمبے پر نصب شدہ وائرنگ کے مین سوئچ سے منسلک تھیں۔ لیسکو ٹیم کی جانب سے غیر قانونی ٹرانسفارمر کو قبضے میں لینے کی کوشش کے دوران محمد طفیل نامی ملزم 15 مسلح گارڈز کے ہمراہ موقع پر آیا اور کار سرکار میں مداخلت شروع کردی جس پر لیسکو ٹیم نے پولیس کو طلب کرلیا، پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد لیسکو ٹیم نے غیر قانونی ٹرانسفارمر اور چوری میں استعمال ہونیوالی کیبلز کو قبضے میں لے لیا، ملزموں کے خلاف بجلی چوری اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ ملزمان نے بجلی چوری کی مد میں قومی خزانے کو 4کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔