ہائیکورٹ کا آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریاں گرانے کا حکم

 ہائیکورٹ کا آلودگی کا باعث بننے  والی فیکٹریاں گرانے کا حکم

لاہور(عدالتی رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریاں گرانے کا حکم دیدیا ۔عدالت نے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف ایکشن تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

 جسٹس شاہد کریم نے انسدادسموگ کیلئے دائر درخواستوں کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا ۔انہوں نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق و دیگر کی ایک ہی نوعیت کی درخواستوں پر کارروائی کی ، درخواستوں میں ماحولیاتی آلودگی اور انسداد سموگ اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ محکمہ سکول ڈیپارٹمنٹ سکولز کے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کیلئے بسیں دینے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائے ۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق سرگودھا میں فیکٹریوں کی آلودگی کو مانیٹرنگ کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو گرایا جائے اور اس حوالے سے مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے ۔عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ سے متعلق رپورٹ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں