ترمیم کی خوشی میں پی پی کا لاہور مال روڈ پرجشن
لاہور(سپیشل رپورٹر)26ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے پاس ہونے کی خوشی میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام چیئرنگ کراس مال روڈ پر جشن پارلیمانی بالا دستی منایا گیا قائدین سمیت جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
لاہور میں پابندی کے باوجود آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ، جیالے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ، جیے بھٹواور وزیر اعظم بلاول کے نعرے لگاتے رہے ۔وسطی پنجاب کے پارٹی جنرل سیکرٹری حسن مرتضی ٰنے خطاب میں کہا وہ وقت بھی جلدآئیگا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم جیالا ہوگا، آج ہماری فلیکسز اتار نا ناقابل قبول ہے ، بلاول بھٹو نے ثابت کیا کہ وہ قدآور شخصیت ہیں ۔انہوں نے کہا لندن میں سابق چیف جسٹس فائزعیسیٰ پر حملہ عدلیہ پر حملہ ہے جسکی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ نے کہا آئینی ترمیم سے میثاق جمہوریت کی تکمیل ہوئی ،بلاول بھٹو نے ثابت کردیا وہ وزیراعظم بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم بلاول کے نعرے اتنی زور سے لگائیں کہ آواز 8 کلب تک جائے ۔ اسلم گل اور عثمان ملک نے کہا عدالتی اصلاحات سے جمہوریت اور پارلیمان پھلے پھولے گی اورعوامی مسائل حل ہونگے ۔فیصل میر نے کہا مریم نواز جمہوری قدروں کا کچھ تو خیال کریں،جنرل ضیا الحق نے پیپلز پارٹی کا پرچم اتروا دیا تھا ، آ پکا تو یہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے ۔ مریم نواز نے صدر زرداری کی سالگرہ اور پی ایس ایف کا کنونشن روکنے کی بھی کوشش کی۔جہاں آرا وٹو نے کہا عدالتوں نے ذوالفقاربھٹو کو غیر قانونی پھانسی دی۔ سیکرٹری اطلاعات پی ایس ایف پنجاب سبط حسن نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ثمینہ خالد گھرکی، عزیز الرحمن چن،امجد جٹ،آصف ناگرہ، عاطف رفیق،زاہد ذوالفقار،ایڈون سہوترا بھی موجود تھے ۔