ای سی ایل پرنظر ثانی ہوتی رہتی ہے :اعظم نذیر تارڑ

ای سی ایل پرنظر ثانی ہوتی رہتی ہے :اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،نامہ نگار،اپنے رپورٹرسے )وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے کہاہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کیلئے نظرثانی ہوتی رہتی ہے اورنام ای سی ایل میں ڈالنے کا طریقہ کار موجود ہے ۔

 قومی اسمبلی میں گزشتہ روز عمر ایوب ، زرتاج گل ، خواجہ شیراز اور محمد احمد چٹھہ کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ پورے دعوے سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ نظرثانی کا معاملہ آئین اور قانون کے مطابق دیکھتے ہیں،گزشتہ دور حکومت میں متعدد حکومتی ارکان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ، ارکان اسمبلی اپنا شناختی کارڈ نمبر سیکرٹری اسمبلی کو بھیج کر چیک کر سکتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کمرے کی بجلی پانچ دن تک بند رہی ، جب تک پارلیمنٹ میرا اور تیرا لیڈر کا فرق رکھے گی تو بے توقیر رہے گی ، میں کسی سے رحم کی اپیل نہیں کر رہا،بانی پی ٹی آئی ڈٹ کر کھڑاہے ، ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو ان کو باہر لانا ہوگا ۔اسد قیصر نے کہاکہ کل ہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل گئے ،ہمیں کہا گیا کہ سیاسی بات نہیں کریں گے ہم نے کہا کہ توکیا ہم بانی پی ٹی آئی سے موسم پر بات کریں، یہ ہماری نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی توہین کی گئی۔ مریم نواز نے بھارتی پنجاب سے مل کر بات کرنے کاکہاجس طرح مریم نواز نے بات کی اسی طرح علی امین گنڈا پور نے بھی افغانستان سے بات کرنے کا کہاتھا جس پر شور مچایا گیا، معیار سب کیلئے ایک ہونا چاہئے ۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیاگیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں