اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں ہر ممکن سہولت دینگے:مریم نواز
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی روابط کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، اُنہوں نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی اورکہا اطالوی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت دینگے جبکہ اٹلی نے چکوال میں زیتون کی کاشت مزید بڑھا نے کی پیش کش کردی ۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کی سفیر ماریلنا ارمیلن نے لاہو رمیں وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کی ۔ پنجاب میں لائیو سٹاک اور ڈیر ی پراجیکٹ میں اٹالین انوسٹمنٹ پر اتفاق کیا گیا۔ اطالوی سفیر نے پنجاب میں فلاحی پراجیکٹس کو متاثر کن قرار دیا۔ اِس موقع پر سیاحت،ٹیکسٹائل،لیدر،ماربل،کارپٹس اوردیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ اورتجارتی و ثقافتی وفود کے تبادلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے ۔ اطالوی سفیر نے کہا پاکستان خاص طور پر لاہور آنا بہت اچھا لگا،منفی امیج کے جھوٹے پروپیگنڈے کے بالکل برعکس پاکستان شاندار ملک ہے ۔ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے ،ورک ویزا میں آسانی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ مریم نواز نے صحافیوں کیخلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پرپیغا م میں کہا حق سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہئے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین سمیت ہر ملک میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے ،احساس ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوریت کی اساس ہے ، ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی قابل تحسین ہیں۔ مضبوط جمہوری معاشرے کیلئے آزاد صحافت کا ہونا نہایت ضروری ہے ، آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن وداعی ہوں، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرینگے ۔