توڑپھوڑ،جلاؤ گھیراؤکیسز ،500پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت

توڑپھوڑ،جلاؤ گھیراؤکیسز ،500پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت

راولپنڈی ،اسلام آباد ،لاہور(خبر نگار،اپنے نامہ نگار سے ،عدالتی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید ،سیمابیہ اورچودھری تنویر اسلم سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 500 رہنماؤں اورکارکنوں کی توڑ پھوڑ ، جلاؤ گھیراو اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات میں ضمانت منظور کرلی جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں ان کی گرفتاری کا حکم برقراررکھاگیاہے ۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتوں پر پراسیکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر اور 5 اکتوبر کے احتجاج، جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں صنم جاوید ، مشعال یوسف زئی ،سمابیہ طاہر ،چودھری تنویر اسلم سمیت 500 کارکنوں کی17نومبرتک ضمانتیں منظور ہو گئیں۔ راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی اور ضمانتیں منظور کئے جانے کے احکامات جاری کئے ۔ عدالت نے تمام ملزموں کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ۔سینئر سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلٰی ٰخیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے حکم دیاہے کہ وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرانے کے لئے پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق عملدرآمد کیا جائے ۔ دوران سماعت راجہ ظہور ایڈووکیٹ نے کہاکہ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے ،وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں،آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہو جائیں گے ،پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کی 8 نومبر تک ضمانت منظور کر رکھی ہے ۔

عدالت کی ہدایت پر وکیل نے پشاور ہائیکورٹ کے آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کردی ،جس پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت15 نومبر تک ملتوی کردی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتوں پر پراسیکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر سپیشل پراسیکیوٹر پیش نہ ہوئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ ہو جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی دوسرے جج کے پاس جلاؤ گھیراؤ کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کی درخواست پر کارروائی نہ ہوسکی اور سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام کیسز نومبر کے مہینے میں حل ہو جائیں گے اور ضمانتیں مل جائیں گی۔بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست دائر کردی ۔ انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں حماد اظہر ، مراد سعید ، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر کئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اورسماعت 7نومبرتک ملتوی کردی ۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور میں پانچ اکتوبر کے احتجاج کے دوران جلاؤ گھیرا ؤکے الزام میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ،افضال عظیم پاہٹ سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 23نومبر تک توسیع کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اعظم سواتی کی 8 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں میں ریکارڈ پیش نہ ہونے پر سماعت 4نومبر تک ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کو عدالت سے پیشگی اجازت کے بغیر کسی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت سے جاری تحریری حکم نامہ میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھر ی ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی کسی غیر ملکی وفد سے ملاقات نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں