سگیاں پل :بیٹے کا بدلہ لینے کیلئے بھائی اور 2بھتیجے قتل کردیئے
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں ایک شخص نے اپنے بیٹے کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے فائرنگ کرکے پیشی کیلئے عدالت جانیوالے اپنے بھائی اور اس کے 2بیٹوں کو قتل کردیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔
بتایاگیاہے کہ سگیاں پل کے قریب سگیاں روڈ پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزموں نے فائرنگ کر کے باپ صفدر اور اس کے 2 بیٹوں یاسر اور ناصر کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائر نگ کی زد میں آکر مقتول کا ایک بیٹا زخمی ہوا اور ایک رشتے دار نے موقع سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ قتل ہونے والے باپ بیٹے رکشہ میں عدالت پیشی پر جارہے تھے ۔ ایس پی سٹی علی رضا کا کہنا ہے کہ قتل کرنے والا مقتول کا سگا بھائی عبدالغفو ر ہے ،اس نے 2015میں ہونیوالے اپنے بیٹے محمد افضل کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے اپنے بھائی اور بھتیجو ں کو قتل کیا۔ پولیس نے عبدالغفور اور اس کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاری کیلئے 3ٹیمیں تشکیل دے دیں ،ملزم اپنے گھروں کو تالے لگا کر فرارہو چکے ہیں ۔تہرے قتل پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیاہے ۔