پنجاب حکومت فضائی آلودگی پر قابو پانے میں ناکام ، 3سالہ بچی ہائیکورٹ پہنچ گئی
لاہور (عدالتی رپورٹر)لاہور میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو نہ پانے کے خلاف تین سالہ بچی امل سکھیرا نے لاہور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا، عدالت نے سیکرٹری ماحولیات اور ڈی جی ماحولیات سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرکے منگل کوجواب طلب کر لیا ۔
جسٹس جواد حسن نے تین سالہ امل سکھیرا کی وکیل کی وساطت سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اپنایاگیاہے کہ محکمہ ماحولیات اور پنجاب حکومت فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مکمل نا کام ہو چکے ہیں اورمیں اپنے دوستوں ،کلاس فیلوز اور آئندہ نسل کی بہتری کیلئے درخواست دائر کر رہی ہوں ۔ عدالتی کارروائی کا آغاز ہوا تو عدالت نے کمرہ عدالت کی کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کا حکم دیا اور باور کرایا کہ ہم سموگ سے متعلق کیس سن رہے ہیں ،احساس ہونا چاہیے کہ سموگ کس طرح متاثر کررہی ہے ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا 3سال کی بچی ہائیکورٹ میں کیس دائر کر سکتی ہے ، وکیل نے آگاہ کیا کہ کوئی بھی پاکستانی شہری جو حکومتی اقدام سے متاثر ہو وہ ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار عدالت کیوں نہیں آئیں ، وکیل کا موقف تھا کہ سموگ کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ بچی کو گھر ہی رہنے دیں ۔