عوام کو 26ویں ترمیم سے جو امیدیں دلوائی گئیں انہیں پورا ہونا چاہیے :پنجاب بار کونسل
لاہور(آئی این پی )پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے اصلاحات کا عمل ہر وقت جاری رہنا چاہیے ،بہت سے قوانین کو گزرتے وقت کے ساتھ تبدیل کرنے اور ان میں موجود سقم دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
جس کیلئے بارز ایسوسی ایشنز حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں ، عوام کو 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے جو امیدیں دلوائی گئی ہیں انہیں پورا ہونا چاہیے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جلد انصاف کی فراہمی کے لئے نظام میں وہ جدت نہیں لائی گئی جس کی ضرورت تھی یہی وجہ ہے کہ بعض مقدمات کئی کئی سالوں تک چلتے ہیں اور سائلین انصاف ملنے کی امید چھوڑ دیتے ہیں ۔