آرمی چیف سے آسٹریلوی فوج کے سربراہ کی ملاقات

آرمی چیف سے آسٹریلوی فوج کے سربراہ کی ملاقات

راولپنڈی(اے پی پی،دنیا نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے آسٹریلین آرمی کے چیف لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹیورٹ نے پیر کوجی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر عالمی اور علاقائی سکیورٹی کے ماحول پر گفتگو کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مضبوط دو طرفہ تعلقات کو امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور خطے اور عالمی امن کے لیے مسلسل اشتراک کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل سٹیورٹ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی اور سلامتی کے تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر آسٹریلوی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل سائمن کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، مہمان فوجی سربراہ نے جی ایچ کیو میں یاد گار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں