پی ٹی اے نے غیر رجسٹر ڈ وی پی اینز بلاک کرنا شروع کر دئیے
اسلام آباد (دنیا نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کر دئیے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو فائر فال کے ذریعے بلاک کیا جارہا ہے ، وی پی اینز کی وائٹ لسٹنگ کیلئے انہیں عارضی بلاک کیا جارہا ہے کیونکہ غیررجسٹرڈ وی پی اینز سکیورٹی رسک ہیں،جن سے حساس ڈیٹا تک رسائی ہوسکتی ہے ۔ پی ٹی اے نے سال 2010 میں وی پی اینز کی رجسٹریشن کا آغاز کیا تھااوراب تک 20 ہزار 500 کے لگ بھگ وی پی اینز رجسٹرڈ کئے جاچکے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ 1422 سے زائد کمپنیاں اب تک وی پی اینز رجسٹرڈ کروا چکی ہیں، وی پی اینز کی وائٹ لسٹنگ کے عمل کو تیز کرنا چاہتا ہے ، چین، روس، ایران، ترکی اور دیگر ممالک نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز بلاک کررکھے ہیں ، یو اے ای، قطر، سعودی عرب بھی غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کرتے ہیں۔ذرائع کاکہنا ہے کہ کچھ ممالک صرف بزنس استعمال کیلئے وی پی اینز کی اجازت دیتے ہیں، پاکستان میں بزنس استعمال کیلئے وی پی اینز پر کوئی پابندی نہیں۔