پارٹی ڈرگز کا ٹرینڈ بڑھ گیا، ایلیٹ کلاس میں منشیات عام: قائمہ کمیٹی میں انکشاف

پارٹی ڈرگز کا ٹرینڈ بڑھ گیا، ایلیٹ کلاس میں منشیات عام: قائمہ کمیٹی میں انکشاف

اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کی نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ملک شاہ کی سربراہی میں ہوا ، انکشاف ہوا سال 2024میں 125میٹرک ٹن منشیات پکڑی گئی اور اب منشیات ایلیٹ کلاس میں بھی عام ہوتی جا رہی ہے۔

اس سال پارٹی ڈرگز کا ٹرینڈ بڑھاہے ، شہری علاقوں میں آئس کے استعمال میں بھی اضافہ ہواہے ۔کمیٹی ممبر ملک سہیل نے اے این ایف سے سوال کیاچھوٹاسا اسلام آباد ہے جسے ہم ڈرگ فری نہیں بنا سکے تو کیا کارکردگی ہے ، اسلام آباد کے سکولز میں ڈرگز کی روک تھام نہیں کی جاسکی ، ڈائریکٹر اے این ایف نے کہا تعلیمی اداروں کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پہ آپریشن جاری ہیں ،تعلیمی ادراوں کے اندر ان اداروں کی اپنی ذمہ داری ہے ، یہ صرف ہماری وزارت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے ، اے این ایف فیڈرل ایجنسی ہے ہم سٹریٹ لیول پہ کام نہیں کرتے ، ہم بڑے پیمانہ پہ آپریشن کرتے ہیں ۔ کمیٹی ممبر عبدالحکیم بلوچ نے کہا ایلیٹ کلاس میں ڈرگز کا استعمال بڑھ رہا ہے ، ڈرگ ڈیلرز اتنے طاقت ور ہیں کہ انہیں سزائیں نہیں ملتیں ، انکے پاس بڑے بڑے وکیل ہیں ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا اندرونی اور بیرونی طور پر منشیات کا چیلنج ہے ، قلعہ سیف اللہ میں اے سی شہید کر دیئے گئے جنہوں نے آئس فیکٹریاں سیل کی تھیں ، ہمارا سب سے بڑا ایشو یونیورسٹی میں منشیات کی روک تھام ہے ، آپ نے ہیلی کاپٹر کی ر یپئرنگَ پرپیسے لگا دیئے ، اس سے زیادہ بہتر ہوتا فورس پرپیسے لگاتے ، بلوچستان میں آئس کی فیکٹریاں چل رہی ہیں ، ان پہ کام کریں ۔ کمیٹی ممبر میاں خان نے سوال کیا اسلام آباد میں شیشہ سینٹرز ہیں ،کیا اس پراقدامات کر رہے ہیں ؟ ڈائریکٹر اے این ایف نے جواب دیا اگر شیشہ سینٹر میں تمباکو نوشی کی جارہی ہے تو وہ ہماری ڈومین میں نہیں آتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں