سندھ:ایس پی ایس سی کے ذریعے گریڈ 16 کی بھرتیاں روکنے کا حکم
کراچی (خبر ایجنسیاں) سندھ ہائی کورٹ نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے گریڈ 16کی بھرتیوں کو روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت عالیہ نے محکمہ کالج اینڈ ایجوکیشن کو سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے گریڈ 16کی 50فیصد اسامیوں پر بھرتیوں سے روکتے ہوئے چیف سیکرٹری، سیکرٹری کالج ایجوکیشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیے ۔
سندھ ہائیکورٹ میں محکمہ کالج ایجوکیشن میں رولز سے متعلق گریڈ 16میں بھرتیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کالج ایجوکیشن کے رولز کے مطابق 50فیصد پروموشن جبکہ 50فیصد کمیشن کے ذریعے بھرتیاں ہوں گی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن میں 251بھرتیوں کا سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت اشتہار دیا گیا ہے ۔ عدالت نے محکمہ کالج ایجوکیشن کی 50فیصد 125اسامیاں خالی رکھنے کی ہدایت کی تھی، لیکن رولز کو نظر انداز کر کے تمام بھرتیاں ایس پی ایس سی کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ عدالت میں وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رولز کے تحت گریڈ 16 میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 50فیصد بھرتیاں ہی کی جاسکتی ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے محکمہ کالج اینڈ ایجوکیشن کو سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے گریڈ 16کی 50فیصد اسامیوں پر بھرتیوں سے روک دیا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری کالج ایجوکیشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیے ۔ بھرتیاں روکنے کی درخواست محکمہ کالج ایجوکیشن کے ملازم کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔