گور و دوارہ پنجہ صاحب میں عبادات ختم،سکھ یاتری کرتارپور پہنچ گئے ،کل لاہور آئینگے

 گور و دوارہ پنجہ صاحب میں عبادات ختم،سکھ یاتری کرتارپور پہنچ گئے ،کل لاہور آئینگے

لاہور،نارووال (ایجوکیشن رپورٹر،خبر نگار)بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کے موقع پر گور و دوارہ پنجہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی عبادات کا سلسلہ اختتام پذیر ہوگیا۔۔۔

 جسکے بعد سکھ یاتری سخت سکیورٹی میں کرتارپور نارووال پہنچ گئے جبکہ واہگہ بارڈر اورکرتارپور راہداری سے بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد کاسلسلہ بھی جاری ہے ۔کرتارپور پہنچنے پر بھارت سے آ ئے دہلی  گور و دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر ہرجیت سنگھ بپا اورپارٹی لیڈر گرنام سنگھ جسل نے کہا سکیورٹی رہائش سمیت تمام انتظامات قابل تعریف ہیں ۔ پاکستان پر امن ملک ہے ، پاکستانی سکھ قوم سے دلی محبت کرتے ہیں، حکومت اور وقف املاک بورڈ نے بھرپور عزت بخشی، بہترین انتظامات کیے ۔سکھ خواتین نے بھی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا یہاں بہت عزت و احترام ملا ،پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ترجمان وقف املاک بورڈ اورایڈیشنل سیکرٹری شرائنز کے مطابق سکھ یاتری گور و دوارہ دربار صاحب میں دوروز عبادات کرینگے ،وقف املاک بورڈ کی جانب سے تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا ۔ یاتری کل20نومبر کو گور و دوارہ روہڑی صاحب ایمن آ باد کی یاترا کرکے لاہور پہنچیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں