علی امین دوسروں کے بچے کیوں مروانا چاہتے ہیں،عظمیٰ بخاری

علی امین دوسروں کے بچے کیوں مروانا چاہتے ہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور (اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے علی امین گنڈا پور دوسروں کے بچے کیوں مروانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والوں کو دوسروں کے بچے استعمال کرنے کی بجائے اپنی فیملیز سمیت احتجاج کے لئے باہر نکلنا چاہئے۔

 الجہاد ،الجہاد کا نعرہ لگانے والے پہلے قاسم، سلیمان اور ٹیریان سے جہاد کو لیڈ کروائیں۔ جو ریاست کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کو جہاد کہتے ہیں ان کے خلاف خارجیوں جیسا ہی سلوک ہوگا۔ صوبے کو خسارے کی خبر جھوٹ،لیگل نوٹس جاری کرینگے ۔ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجاب حکومت ڈائیلسز کے مریضوں کے لئے ڈائیلسز کارڈ کا اجرا کر رہی ہے ۔ ڈائیلسز کے مریضوں کو 10 لاکھ تک ڈائیلسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔صحت کارڈ میں بھی کچھ تبدیلیاں کرکے جلد لانچ کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا یہ خبربے سروپا تھی جس میں ایک سو ساٹھ ارب روپے کا خسارہ دکھانے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہا جو خاتون خود کو غیر سیاسی کہتی تھی وہ اب بانی پی ٹی آئی کے پیغامات جماعت کو پہنچا رہی ہے ۔ فیصلہ کرلیں علیمہ باجی نے سیاست کرنی ہے یا بشریٰ بی بی نے ۔ انہوں نے کہا وزیر اعلٰی نے نو ماہ کی حکومت میں کوئی چھٹی نہیں کی اگر علاج کیلئے ایک ہفتہ کی چھٹی پر گئیں تو خواہ مخواہ بات کا بتنگڑ بنا دیا گیا۔ اگر مریم نواز لندن نہ جاتیں توکیا سموگ کم ہو جاتی؟۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں