ہائیکورٹ، آئینی کیسز سماعت سے متعلق عبوری اختیار کی مدت ختم

ہائیکورٹ، آئینی کیسز سماعت سے متعلق عبوری اختیار کی مدت ختم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کی آئینی کیسز کی سماعت سے متعلق عبوری اختیار کی مدت ختم، آئینی درخواستیں التوا کا شکار ہونے لگیں۔

تفصیلات کے  مطابق جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاس میں کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے تمام ججز کو 24 نومبر تک آئینی بینچ کے لئے نامزد کیا تھا، پیر کی صبح عبوری اختیار کی مدت ختم ہونے پر عدالت نے آئینی درخواستوں کی سماعتیں دائرہ اختیار کی بنیاد پر غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیں۔ پاسپورٹ جاری نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نادر جان حج پر جانا چاہتے ہیں لیکن پاسپورٹ حکام پاسپورٹ جاری نہیں کررہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن اور پاسپورٹ حکام درخواست گزار کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے سے متعلق تصدیق بھی نہیں کررہے ۔ جسٹس عمر سیال اور جسٹس جواد اکبر سروانہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے دائرہ اختیار کی نشاندہی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہمارے پاس آئینی درخواستوں کی سماعت کا اختیار نہیں ہے ۔ پیر کے روز عدالت کے پاس رٹ دائرہ اختیار نہیں ہے ، جب تک نئی ہدایات نہیں آتیں ہم آئینی درخواست نہیں سن سکتے ۔ عدالت نے درخواست کی سماعت دائرہ اختیار کی بنیاد پر غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں