کرم:جھڑپیں نہ رکیں، ہلاکتوں کی تعداد88ہوگئی
پاراچنار (نیوزایجنسیاں )ضلع کرم میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 88ہوگئی جبکہ111زخمی ہو گئے ہیں،بگن کے 250اورعلیزئی کے 175 خاندان نقل مکانی کرگئے۔
پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں علی زئی اور بگن سمیت مختلف علاقوں میں قبائل کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ نہیں رک سکا ،فائرنگ کے تازہ واقعات میں فریقین کے مزید 2افراد جاں بحق 19زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 21نومبر کے واقعہ کا ایک اور زخمی مشتاق حسین دم توڑگیا ہے جس کے بعد مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 50 ہوگئی ہے ،دوسری جانب پشاور مین شاہراہ ہرقسم آمدورفت کیلئے بند ہے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل ہے ۔ادھرگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حکم پر ہلال احمر خیبرپختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کی ٹیمیں متحرک ہوگئی ہیں، ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کے چیئرمین عمران وزیر نے نقصانات اور ضروریات کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی،انہوں نے بتایا کہ بگن کے 250 خاندان اور علیزئی کے 175 خاندان نقل مکانی کرگئے ہیں۔ہلال احمر کی رپورٹ کے مطابق 915 آئی ڈی پیز کو گزشتہ دو روز میں کھانا اور پینے کا پانی فراہم کیا گیا۔