24 نومبر کے حقائق کو عوام سے چھپایا جارہا ، حافظ نعیم

24 نومبر کے حقائق کو عوام سے چھپایا جارہا ، حافظ نعیم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ظالمانہ طریقے سے عوام کے آئینی و جمہوری حق کو کچلنے ، آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانے ، صحافیوں کے اغوا اور بعد میں انہیں جھوٹے مقدمات میں قید کرنے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔

فارم 47کی حکومت کو کسی صورت یہ حق حاصل نہیں کہ آئین و جمہوریت کا گلا گھونٹ کر ملک کو تماشا بنا دے ۔منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت نے فسطائیت کا مظاہر ہ کرکے درحقیقت 25 کروڑ عوام کو جو پیغام دینے کی کوشش کی جماعت اسلامی اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام پر ظلم کررہے ہیں وہ کسی صورت عوام کے سیلاب کو نہیں روک سکتے ۔امیر جماعت نے کہا کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا، ان حقائق کو عوام سے چھپایا جارہا ہے اور آزادی اظہار پر شب خون مارا جارہا ہے ۔ معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی آئینی حق ہے ۔ ہسپتالوں سے معلومات کی رسائی پر پابندی لگانے سے حقائق نہیں چھپیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہر شخص اور سیاسی پارٹی کو حق دیتاہے کہ وہ پرامن احتجاج کرے ۔نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام کے حقیقی نمائندے اقتدار میں آئیں گے تو ہی ملک ترقی کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے دیرینہ مطالبہ پر کھڑی ہے اور چاہتی ہے کہ جوڈیشل کمیشن بناکر فارم 45 کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے ، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ، 26 ویں آئینی ترمیم کالعدم قراردی جائے ۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں