مطیع اللہ جان کیساتھ جو ہوا افسوسناک عرفان صدیقی،الزامات مذاق: رضا ربانی

 مطیع اللہ جان کیساتھ جو ہوا افسوسناک  عرفان صدیقی،الزامات مذاق: رضا ربانی

اسلام آباد(نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی)سینیٹ میں مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی پارٹی لیڈرسینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاہے کہ مطیع اللہ جان کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے میں اُس کی بالکل تائید نہیں کرتا ،چاہے وہ جس کے کہنے پر ہوا اور جس وجہ سے بھی ہوا ہے ، یہ نہایت افسوسناک ہے ۔

 میں یہ اس لئے نہیں کہہ رہا کہ میرا صحافتی برادری سے تعلق ہے میں ویسے بھی سمجھتا ہوں کہ یہ مسلم لیگ ن کے لئے اور اس کی حکومت کے لئے بھی باعث فخر نہیں ہے ۔علاوہ ازیں ایکس (ٹوئٹر)پر بیان میں کہا کہ عمر ایوب نے افواج پاکستان میں تفرقہ ڈالنے اور بغاوت پراکسانے کی کوشش کی۔تحریک انصاف کی حالیہ یلغار کے دوران فوج سمیت کسی سکیورٹی ایجنسی نے نہ گولی چلائی اور نہ کسی کو گولی چلانے کا حکم دیا گیا۔بہرحال طے کرنا پڑے گا کہ کیا واقعی پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے ۔ رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی نے صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی مطیع اللہ پر عائد الزامات مذاق ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا گورنر راج سیاسی طور پر دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں