بوریوالا :گھر میں سلنڈر پھٹنے سے میاں بیوی ، دو بچے جاں بحق
بوریوالا (نمائندہ دنیا) گھر میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے سے میاں بیوی اور دو بچے جھلس کر ز ندگی ہار گئے ۔
نواحی آبادی عزیز آبادمیں کمرے میں گیس سلنڈر پھٹنے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو کمرہ مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں تھا اور اندر موجود میاں بیوی بچوں سمیت بری طرح جھلس چکے تھے جن کو باہر نکالا گیاتو ڈیڑھ سالہ ایان اور 22 سالہ دکاندارباپ دانش موقع پر دم توڑ چکے تھے جبکہ چھ ماہ کے فرحان عباس اور اسکی ماں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں فرحان بھی دم توڑ گیا ، ماں کو نازک حالت پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی جان کی بازی ہار گئی ۔
پوری فیملی کے جاں بحق ہونے پرعلاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔میتیں ہسپتال سے گھر پہنچیں توکہرام برپاہوگیا،عزیزواقارب غم سے نڈھال ہوگئے اور دھاڑیں مارمار کرروتے رہے ۔ میتوں کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں شہر کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔دانش کے دوستوں اور محلے داروں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ دکان پر روزی روٹی کماتا تھا بہت خوش اخلاق تھا۔سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی پر اہلخانہ کی المناک موت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے اورکمشنر ملتان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں ناقص سلنڈرز پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔