منشیات برآمدگی کیس ، نگار چودھری کے شوہر کو 15سال سزا
لاہور(کورٹ رپورٹر)سٹیج اداکارہ نگار چودھری کے خاوند عماد بٹ کو منشیات برآمدگی کیس میں سزا سنا دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سیشن کورٹ لاہور نے ملزم عماد بٹ پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 15 سال کی سزا سُنا دی ہے ۔چند ہفتے قبل این آئی یو نارتھ نے ملزم کو گرفتار کیا تھا، این آئی یو نارتھ کی بہترین حکمت عملی اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزم عماد بٹ پر جرم ثابت ہونے پر اسے سزا سنائی گئی۔ عدالتی حکم کے مطابق جرمانے کی عدم عدائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید 1 سال سزا بھگتنا ہوگی۔ یاد رہے کہ سٹیج اداکارہ نگار کے شوہر ملزم عماد بٹ سے بھاری مقدار میں مختلف قسم کی منشیات برآمد کی گئی تھیں، ملزم اٹلی، سپین، ہالینڈ اور بیلجیم سے مختلف اقسام کی منشیات سمگل کرتا تھا جس سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی تھیں۔