حکومت کومظاہرین پر گولی چلانے پر معافی مانگنی چاہیے ، شاہد خاقان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیر اعظم اور کنوینئر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے لیے سب کو ایک ساتھ بیٹھنا پڑے گا، حکومت کو تحریک انصاف کے مظاہرین پر گولی چلانے کے مبینہ جرم پر معافی مانگنی چاہیے ، کمیشن بنا کر معاملے تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
اسلام آباد میں عوام پاکستان پارٹی کے اجلاس کے بعد جنرل سیکرٹری مفتاع اسماعیل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت آج بھی انکاری ہے کہ 26 نومبر کو کوئی گولی نہیں چلی، تاہم گولی چلنا حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے ۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے عمل سے متفق نہیں ہوں، مگر انہوں نے کوئی حملہ نہیں کیا، مظاہرین اور حکومت کے اقدام پر بحث ہونی چاہیے ، حکومت عوام کی تکلیفوں کو ختم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا تنظیمی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی حالات کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی، آج سیاست کی جو کیفیت ہے ، اس سے ملک نہیں چل سکے گا، جب سیاست نفرت اور دشمنی میں تبدیل ہو جائے تو ملک نہیں چلے گا۔گزرتے وقت کے ساتھ ملک کے حالات خراب ہوتے جارہے ہیں۔