سول نافرمانی تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی، حامد رضا
اسلام آباد (آئی این پی)چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سول نافرمانی تحریک سے متعلق پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار ہے ،یہ تحریک 2014سے زیادہ کامیاب ہوگی ۔ 26ویں ترمیم کے وقت مولانا کو کہا تھا حکومت دھوکا دے گی۔
ایک انٹرویو میں حامد رضا کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی کے مختلف نکات پر مرحلہ وار آگے بڑھیں گے ۔ اوورسیز پاکستانی کے پیسے نہ بھیجنے سے متعلق بھی نکتہ شامل ہے ، ملک میں انسانی اور جمہوری حقوق معطل ہیں، ظلم جاری ہے ۔24 نومبر اور 9 مئی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی آج تک اسی لیے قید ہیں کہ وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے تو اسے موقع دینا چاہیے ، ہم تو پہلے بھی کہتے تھے جس کے پاس طاقت ہے اس سے بات ہونی چاہیے ، حکومت کو مذاکرات میں اپنی اتھارٹی دکھانی پڑے گی، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے متعلق عمرایوب کو ہدایات دی ہیں، عمر ایوب سے ملاقات کے بعد پتہ چلے گا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کیا ہیں۔