جی ایچ کیوحملہ:گنڈاپور سمیت25ملزموں کے دوبارہ وارنٹ
راولپنڈی(خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک)جی ایچ کیو حملہ کیس میں ڈیوٹی جج نے غیرحاضری پر پی ٹی آئی رہنماؤں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، کنول شوزب، راشد حفیظ، کرنل(ر)شبیر، عمر تنویر بٹ اور شہریار آفریدی سمیت 25ملزمان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،جبکہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے اے ٹی سی سے شیخ رشید احمد کی درخواست بریت مستردہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی رخصت کے باعث کیس کی سماعت سیشن جج راولپنڈی نے بطورڈیوٹی جج کی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، زرتاج گل اور شیخ راشد شفیق ،سابق رکن قومی اسمبلی محمد احمد چٹھہ، چوہدری بلال سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، علی امین گنڈاپور اور شیخ رشید احمدکی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ۔محمد احمد چٹھہ اور چوہدری بلال کے وکیل سید تقی حسنین شاہ نے استدعاپر عدالت نے آئندہ سماعت کے لئے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی، واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے گزشتہ سماعت پرعدم حاضری کی بناپرملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اورسی پی او راولپنڈی کو ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ادھرلاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزاوقاص رئوف اورجسٹس سرفرازڈوگر نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں اے ٹی سی سے شیخ رشید احمد کی درخواست بریت خارج ہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی،دوران سماعت وکیل سردارعبدالرازق اور سردار شہباز نے دلائل دیئے کہ شیخ رشید کے خلاف استغاثہ کے پاس کوئی شواہد،گواہ موجود نہیں،شیخ رشید کو ایک ملزم کے اعترافی بیان پر مقدمہ میں نامزد کیا گیا، عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید احمد کی رٹ پٹیشن خارج کردی اور قرار دیا کہ ابھی کیس کا ٹرائل ہونا باقی ہے گواہان کی شہادتیں ہونی ہیں،اس موقع پر بریت درخواست منظور نہیں کی جاسکتی۔